مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ، 24فروری کو اسلام آباد میں کشمیر ریلی ہو گی، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا ”اے پی پی“ کو خصوصی انٹرویو

158
Barrister Sultan Mehmood
Barrister Sultan Mehmood

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کا ضامن ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے، توقع ہے پاکستان آئندہ ماہ اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے وزراءخارجہ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر بھرپور اور موثر انداز میں اٹھائے گا، کشمیری رہنمائوں سے مشاورت اور آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلہ کے مطابق 24 فروری کو اسلام آباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی کا انعقاد ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی خبر رساں ادارے ”اے پی پی“ کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر مظالم بھارت کے چہرے پر بدنما دھبہ ہے، ہندوتوا سوچ پر عمل کی وجہ سے بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہوا ہے، مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے ایسے مذموم اقدامات کئے ہیں جن کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کے لئے جاری عوامی جدوجہد کو دبانا اور مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقہ میں حریت کانفرنس کی پوری قیادت کو جیلوں میں قید کررکھا ہے، سید علی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی دوران نظربندی حراست شہید ہوئے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارتی حکومت کے5 اگست کے اقدام پر حکومت پاکستان اور وزیراعظم عمران خان نے شدید ردعمل ظاہر کیا، وزیراعظم پاکستان خود آزاد کشمیر اسمبلی میں آئے اور انہوں نے دوٹوک اعلان کیا کہ میں کشمیر کا سفیر بنوں گا اور دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب اور بیرونی ممالک کے دوروں کے دوران مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا، وزیراعظم نے چین کے حالیہ دورے میں بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور چین کی قیادت سے اس مسئلہ پر بات کی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت میں اضافہ کیا ہے، صدر ریاست کی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو پہلے بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا، آئندہ بھی موثر کوششوں کی ضرورت ہے، ہم نے کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر جارحانہ انداز میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے اور کشمیری رہنمائوں سے مشاورت کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں24 فروری کو ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے، ریلی کا آغاز دن ساڑھے 11 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ہوگا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی دینی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ حریت کانفرنس کے رہنمائوں سمیت کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوگی، ریلی کا اختتام ڈی چوک پر ہوگا جہاں کشمیری قائدین ریلی کے شرکاءسے خطاب کریں گے، اس ریلی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلہ کے تحت کشمیری رہنمائوں سے مشاورت کے بعد ریلی کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت کے5 اگست کے غیر قانونی اقدام کے بعد دفتر خارجہ کی کوششوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 3 بار مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادیں اب بھی موثر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عالمی سطح پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے بارے میں پہلے بھی بھرپور مہم چلاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے، اکتوبر2021 میں یورپ میں کشمیریوں کے حق میں 4 بڑے مظاہرے برسلز، ہیگ، لندن اور پیرس میں کئے، 26 اکتوبر کو برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کے بارے میں بریفنگ کا اہتمام کیا جس میں 45 اراکین پارلیمنٹ موجود تھے جنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ برطانوی وزیراعظم اوروزیر خارجہ پر زور دیں گے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر عمل پیرا ہے اور اس نے اب تک لاکھوں ہندو باشندوں کو مقامی ڈومیسائل جاری کئے ہیں، اسمبلی حلقوں کی نئی حد بندی کے ذریعے وہ مقبوضہ کشمیر میں ہندو وزیراعلیٰ مسلط کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تارکین وطن کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہورہا ہے، آل پارٹیز کانفرنس نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ اسلام آباد اور مظفرآباد کے علاوہ برسلز یا لندن میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں اور اب وہاں مختلف صوبوں میں آزادی کی بات ہورہی ہیں، بھارت کی اقلیتیں اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کررہی ہیں اور مودی ان کو دبانے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی مسئلہ کشمیر او آئی سی کے اجلاسوں اور دیگر عالمی فورمز میں اٹھایا اور وہ اس سال مارچ میں اسلام آباد میں اسلامی ملکوں کے وزراءخارجہ کے اجلاس میں یہ مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھائے گا، کشمیر کے حوالے سے حکومت پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر اپنا کردار نبھایا ہے، توقع ہے کہ وہ آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔