وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی ملاقات

132
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی ملاقات

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر گلگت میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ کو 6 ماہ میں فعال بنانے کی ڈیڈ مقرر کر دی۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے ملاقات میں کہی۔ وفاقی وزیر توانائی نے گلگت میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ کو چھ ماہ کے اندر آپریشنل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔

اوگرا کی جانب سے تعمیراتی لائسنس میں توسیع کے بعد ایس این جی پی ایل پلانٹ سے گیس کی سپلائی چھ ماہ میں شروع کردے گی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی درخواست پر وفاقی وزیر حماد اظہر نے گلگت بلتستان کے لئے ایل پی جی سپلا ئی بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس سے جی بی میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور گلگت بلتستان کے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔وفاقی وزیر حماد اظہر نے گلگت بلتستان میں پاور سیکٹر کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا

تاکہ خطے کا قومی گرڈ کے ساتھ رابطہ یقینی بنایا جا سکے، اس سے بجلی کی فراہمی میں انقلاب آئے گا اور وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق گلگت بلتستان کے سیاحتی شعبے کو فروغ ملے گا۔

حماد اظہر نے او جی ڈی سی ایل اور پا کستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)سے سفارش کی کہ وہ اپنے کمیونٹی سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) منصوبوں کے تحت گلگت بلتستان میں کم آمدنی والے گھروں کی سولرائزیشن شروع کرے۔

وزیراعلیٰ خالد خورشید نے حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں کی گئی اصلاحات کو سراہا اور ان کی سفارشات پر مثبت جواب دینے پر وفاقی وزیر توانائی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نےگلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کے لئے وفاقی وزیر حماد اظہر کی گہری دلچسپی کو سراہا۔

وفاقی وزیر توانائی نے گلگت بلتستان کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور وزارت توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

حماد اظہرنے امید ظاہر کی کہ گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے سے توانائی کے شعبے میں مثبت تبدیلی آئے گی اور اس کے مثبت اثرات سردیوں کے مہینوں میں بھی گلگت بلتستان کی سیاحت پر دیکھنے کو ملیں گے۔