نوشکی ۔8فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے نوشکی میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر اور اعتماد ہے کہ دہشت گردکبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، بلوچستان میں اتنی ترقی کریں گے کہ انتشار پھیلانے والے عناصر کی بات کوئی نہیں سنے گا، سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زرعی پیداوار بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی، بلوچستان ہماری ترجیح ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نوشکی میں جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا کامیابی سے مقابلہ کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہماری بہادر افواج نے جس طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے کسی ملک کی فوج نے اس طرح کی جنگ نہیں لڑی، ہماری فوج نے جس طرح دہشت گردوں سے ملک کو محفوظ بنایا اس کی مثال نہیں ملتی، پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور قوم کو یہ اعتماد ہے کہ ہمارے خلاف کسی قسم کی دہشت گردی کامیاب نہیں ہو سکتی۔
وزیراعظم اس موقع پر ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی پوری دنیا کی طرح مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، امریکا اور برطانیہ جیسے ممالک کو بھی گذشتہ 40 سالوں کے دوران سب سے زیادہ مہنگائی کا سامنا ہے،
مجھے احساس ہے کہ ہمارا تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے، میری پوری کوشش ہے کہ ملک کے معاشی حالات ایسے ہوں کہ آمدن میں اضافہ ہو اور ہم تنخواہ دار طبقہ کو ریلیف دے سکیں، پاکستان میں بہت سی چیزیں درآمد کی جاتی ہیں جن کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں بے تحاشا بڑھ چکی ہیں جس کے اثرات ہر چیز پر مرتب ہوتے ہیں، جیسے جیسے آمدنی بڑھتی جائے گی تنخواہ دار طبقہ کی تنخواہیں بڑھائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مختلف بڑے کاروباری اداروں نے ریکارڈ منافع کمایا ہے، صرف چند کمپنیوں نے 950 ارب روپے کا منافع کمایا ہے، میں ان سب سے درخواست کر رہا ہوں کہ وہ ملازمین کی تنخواہیں بھی بڑھائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے بلوچستان کی ترقی پر اتنا پیسہ خرچ نہیں کیا جتنا ہماری حکومت نے کیا، چمن۔کوئٹہ۔کراچی شاہراہ کی تعمیر کے بڑے منصوبے کا آغاز ہم نے کیا جس کیلئے فنڈز بھی مختص کر دیئے ہیں، بلوچستان ایسا صوبہ ہے جہاں فاصلے زیادہ اور آبادی کم ہے، اس کے اپنے چیلنجز ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوئے ہیں، ہماری حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ بلوچستان گلگت بلتستان اور سابق قبائلی اضلاع ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں، جیسے جیسے معاشی حالات بہتر ہوں گے اور آمدن میں اضافہ ہو گا پسماندہ رہ جانے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب نوشکی میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو میں چین میں تھا، میں نے فوری فیصلہ کیا کہ وطن واپس جاتے ہی نوشکی جا کر پیغام دوں گا کہ پوری قوم اپنی قربانیاں دینے والے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام میں شہیدوں کا خاص رتبہ ہے، دلیری سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جوان شہید ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دیں گے ، ہم بلوچستان میں اتنی ترقی کر دیں گے کہ انتشار پھیلانے والوں اور عوام کو حکومت اور فورسز کے خلاف اکسانے والوں کی بات کوئی نہیں سنے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے پیچھے وہ قوتیں ہیں جو پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں ، اس کیلئے کہیں اور سے فنڈنگ کی جا رہی ہے، ہم صوبہ کو اتنی ترقی دیں گے کہ باہر بیٹھ کر جو دشمن ملک کے اندر انتشار پھیلا رہے ہیں ان کی بات کوئی نہیں سنے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ سے بلوچستان کو خاص طور پر فائدہ ہو گا، چینی صدر نے یقین دلایا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زرعی پیداوار بڑھانے اور انڈسٹریلائزیشن پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔