لاہور۔13فروری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کے درست سمت میں گامزن ہونے کی وجہ سے اپوزیشن جماعتیں سیاسی طو رپر بیروزگار ہیں ،
مخالفین دوبارہ اقتدار کے حصول کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے مفادات کی نوعیت مختلف ہے جس کی وجہ سے یہ کبھی متحد نہیں ہو سکتیں لیکن حکومت کو ان کے متحد ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دن رات کی محنت سے نہ صرف پاکستان کو اندھیروں سے نکالا بلکہ درست سمت میں بھی گامزن کیا ہے ،
اپوزیشن والے آگاہ ہیں کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے ذریعے ملک کو جس جانب گامزن کر رہی ہے آنے والے سالوں میں ان کی سیاست کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں ہوگا جس کی وجہ سے ان کی راتوں کی نیندیں اڑ ی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کواچھی طرح معلوم ہے کہ ان کی کال پر عوام باہر نہیں نکلیں گے اس لئے سبکی سے بچنے اور فیس سیونگ کیلئے تدبیریں کی جارہی ہیں،آج بھی انہیں پیشکش کرتے ہیں کہ سازشیں کرنے کی بجائے ملک کی بہتری کیلئے اپنی تجاویز دیں جنہیں زیر غور لایا جائے گا ۔