وزیراعظم عمران خان نے ارکان پارلیمنٹ کو پنجاب میں آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے کارکنوں کو نچلی سطح پر متحرک کرنے کی ہدایت

107
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پورے پنجاب میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں، پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کئے گئے شہروں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

لاہور۔16فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ارکان پارلیمنٹ کو پنجاب میں آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے کارکنوں کو نچلی سطح پر متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام منتخب نمائندے عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط کریں،عوام کو احساس دلایا جائے کہ حکومت ان کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے، مہنگائی کے منفی اثرات سے انہیں بچانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں لاہور ، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم نے تمام منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط کریں تاکہ ان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جا سکے۔

ان اسکیموں میں نیا پاکستان نیشنل ہیلتھ کارڈ کے تحت یونیورسل ہیلتھ کوریج، احساس کارڈ کے تحت راشن رعایت پروگرام اور دیگر غریب پرور اقدامات، کسان کارڈ کے تحت فصلوں کے لیے قرضے اور سستے نرخوں پر معیاری بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی فراہمی، کامیاب جوان اور کامیاب پاکستان پروگراموں کے تحت ہوم فنانسنگ، سستے کاروباری قرضے اور نوجوانوں کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں میں تربیت شامل ہیں۔

وزیراعظم نے انہیں لوگوں کو یہ احساس دلانے کی بھی ہدایت کی کہ حکومت ان کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں اشیاء کی بلند قیمتوں کی وجہ سے درآمدی مہنگائی کے منفی اثرات سے انہیں بچانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کر کے مہنگائی کے منفی اثرات کو کم کرنے کی بھرپورکوشش کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے انہیں صوبے میں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ قبل ازیں وزیراعظم سے ملاقات کے دوران تمام ارکان پارلیمنٹ نے پنجاب میں بلدیاتی حلقوں کی حد بندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، اور انہیں ٹربیونلز میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ارکان پارلیمنٹ میں لاہور ڈویژن سے وفاقی وزیر توانائی محمد حماد اظہر، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ، ارکان قومی اسمبلی ملک کرامت علی کھوکھر، راحت امان اللہ بھٹی؛ وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جوان بخت، وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال، وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس، وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید، وزیر ہاؤسنگ پنجاب ملک اسد علی، وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ پنجاب میاں خالد محمود، وزیر اعلی کے مشیر حافظ فرحت عباس اور اراکین صوبائی اسمبلی نذیر احمد چوہان، ملک ندیم عباس، محمد امین ذوالقرنین اور سرفراز حسین، سردار طالب حسین نکئی، ملک مختار احمد، خرم اعجاز، خان شیر اکبر خان اور صاحبزادہ جلیل احمد شرقپوری ، عمر آفتاب، محمد عاطف، سرگودھا ڈویژن سے ارکان قومی اسمبلی عامر سلطان چیمہ، امجد علی خان، محمد ثناء اللہ خان مستی خیل، ڈاکٹرمحمد افضل خان،ملک عمر اسلم خان، مِلک محمد احسان اللہ ٹوانہ، چوہدری عامر سلطان چیمہ، وزیر جنگلات پنجاب محمد سبطین خان، اور اراکین صوبائی اسمبلی محمد عامر عنایت شاہانی، غضنفر عباس، سعید اکبر خان، احمد خان، عبدالرحمن خان، فتح خالق، چوہدری افتخار حسین، غلام علی اصغر خان لہڑی اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل، وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ محمد شبیر علی، ارکان قومی اسمبلی عامر طلال گوپنگ، سردار محمد خان لغاری، نیاز احمد، عبدالمجید خان، وزیر آب پاشی پنجاب محمد محسن لغاری، وزیر اعلی کے مشیرپراۓ صحت محمد حنیف، وزیر اعلی کے مشیرپراۓ زراعت عبدالحئی دستی، اور ارکان صوبائی اسمبلی سردار احمد علی خان دریشک، جاوید اختر، سردار محمد محی الدین کھوسہ، محسن عطا خان کھوسہ، خواجہ محمد داؤد سلیمانی ، نیاز حسین خان، محمد عون حمید، محمد رضا حسین بخاری، محمد اشرف خان رند ، میاں علمدار عباس قریشی، خرم سہیل خان لغاری، محمد سبطین رضا، محمد طاہر، سردار محمد اویس احمد دریشک، سردار فاروق امان اللہ دریشک، ملک احمد علی اولکھ، شہاب الدین خان شامل تھے۔