اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معاشی ترقی کیلئے صنعتی شعبے کی ترقی نہایت ضروری ہے، حکومت صنعتی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعت کیلئے ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایم ای پالیسی کا اجراء کیا گیا، کورونا وباء کے دوران حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت صنعتوں کا پہیہ چلتا رہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی زیر صدارت ملک میں صنعتی شعبے کی ترقی پر اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کو صنعتی شعبے کی موجودہ استعداد اور ترقی کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں کورونا وباء کے باوجود صنعتی شعبے نے خاطر خواہ ترقی کی جس کی سب سے بڑی دلیل ٹیکسٹائل انڈسٹری کا اپنی مکمل استعداد پر کام کرنا ہے،
تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے حکومتی پیکیج کی بدولت ملک میں نہ صرف اقتصادی بہتری آئی بلکہ روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے میں مدد ملی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر اس وقت جی ڈی پی کا 12.79فیصد ہے جبکہ حکومت اسے بڑھا کر 25فیصد کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، مینوفیکچرنگ سیکٹر کی ترقی سے ملک میں روزگار کی فراہمی اور مجموعی طور پر ملکی معاشی حالت کو بہتر کرنے میں معاونت حاصل ہوگی۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حکومت نے صنعتوں کی موجودہ استعداد کو بڑھانے، سِک یونٹس کو فعال کرنے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پلانٹ اور مشینری میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کیا ہے جس پر عملدرآمد ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔
اس کے علاوہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعت کی ترقی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔وزیرِاعظم نے صنعتوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔
\اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت فیاض ترین، اسد عمر، خسرو بختیار، حماد اظہر، گرورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔