حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز ،روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کیلئے سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی اور مہنگائی کے منفی اثرات کم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی ارکان پارلیمنٹ اور عمائدین سے گفتگو

76
حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز ،روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کیلئے سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی اور مہنگائی کے منفی اثرات کم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی ارکان پارلیمنٹ اور عمائدین سے گفتگو

منڈی بہائو الدین۔18فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کیلئے سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی اور مہنگائی کے منفی اثرات کم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی یقینی بنانے کیلئے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو منڈی بہائو الدین کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں وزیراعظم سے علاقے کے ارکان پارلیمنٹ اور عمائدین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے انہیں ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط کریں تاکہ ان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے جاری مختلف سرکاری سکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جا سکے۔

ان سکیموں میں نیا پاکستان نیشنل ہیلتھ کارڈ کے تحت یونیورسل ہیلتھ کوریج، احساس کارڈ کے تحت راشن رعایت پروگرام اور دیگر غریب پرور اقدامات، کسان کارڈ کے تحت فصلوں کے لئے قرضے اور سستے نرخوں پر معیاری بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی فراہمی، کامیاب جوان اور کامیاب پاکستان پروگراموں کے تحت ہوم فنانسنگ، سستے کاروباری قرضے اور نوجوانوں کے لئے پیشہ وارانہ مہارتوں میں تربیت شامل ہیں۔

وزیراعظم نے انہیں لوگوں کو یہ احساس دلانے کی بھی ہدایت کی کہ حکومت ان کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں اشیاء کی بلند قیمتوں کی وجہ سے درآمدی مہنگائی کے منفی اثرات سے انہیں بچانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لئے سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کر کے مہنگائی کے منفی اثرات کو کم کرنے کی بھرپورکوشش کر رہی ہے۔وزیراعظم نے انہیں صوبے میں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ملاقات میں وفاقی وزراء مخدوم شاہ محمود قریشی،اسد عمر، چوہدری فواد حسین ، شیخ رشید احمداورشفقت محمو، ارکان قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری، شوکت علی بھٹی، سید فیض الحسن شاہ، سابق ارکان قومی اسمبلی محمد اعجاز چوہدری، نذر محمد گوندل، میجر ذوالفقار گوندل، امتیاز صفدر وڑائچ،ارکان صوبائی اسمبلی محمد طارق تارڑ، گلریز افضل چن، مامون جعفر تارڑ، میاں احسن جہانگیر، میاں اختر حیات، چوہدری لیاقت علی بھدر، چوہدری ارشد، سلیم سرور جوڑا، چوہدری محمد اخلاق، محمد فیصل خان نیازی،سابق ارکان صوبائی اسمبلی طارق محمود ساہی، چوہدری محمد الیاس، میاں ارقم خان اور مقامی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔