وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ، ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر کی چیکنگ، مریضوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا

69

جھنگ ۔20فروری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اتوار کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ کا دورہ کیا اور وہاں ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر کی چیکنگ اور مریضوں کے ریکارڈ کے جائزہ سمیت ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت اور ان کے تیمارداروں سے بات چیت کی۔

اس موقع پر انتظامی حکام، سی ای او ہیلتھ جھنگ ڈاکٹر منظور حسین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر الطاف حسین بھوانہ، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر راؤ محمد ارشد، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارشد بشیر، ایڈمن آفیسر محمد ارشد اور دیگر حکام سمیت مختلف وارڈز کے ہیڈز بھی موجود تھے۔

وزیر مملکت اطلاعات نے ہسپتال میں قائم ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر پر جاکر اب تک داخل ہونیوالوں مریضوں کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا چیک کیا اور ان کی بیماریوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ایم ایس اور دیگر حکام نے انہیں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے حوالے سے مریضوں کو فراہم کردہ سہولیات بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔

فرخ حبیب نے ہسپتال کے عملہ کو ہدایت کی کہ صحت کارڈ کے حوالے سے مریضوں کو تمام ممکن علاج معالجہ کی سہولت کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے اور ہسپتال میں صحت و صفائی کے حوالے سے بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ وزیر مملکت بعدازاں مختلف وارڈز میں گئے اور وہاں داخل مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے انہیں ہسپتال میں فراہم کردہ علاج معالجہ کی سہولیات اور عملہ کے رویہ بارے دریافت کیا۔

ان سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو 10 لاکھ روپے کے ہیلتھ کارڈ کا اجراوزیراعظم عمران خان کا تاریخ ساز اقدام ہے لہٰذاتمام شہریوں کو اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ صحت مند قوم ہی قومی ترقی کی منازل تیزی سے طے کرسکتی ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر شہری کی صحت کو فوقیت دی اور انہیں صحت کارڈ جاری کرکے علاج معالجہ کی فکر سے آزاد کردیاہے۔

انہوں نے کہاکہ صحت کارڈ کسی نعمت سے کم نہیں جبکہ اس سے قبل شعبہ صحت میں ایسی انقلابی سہولت کا کسی نے سوچا بھی نہیں نیز اسی نوعیت کے عوامی بھلائی کے منصوبے نئے پاکستان کی بنیاد اور حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے نیا پاکستان کے ویژن کے تحت بلاامتیازہر شہری کیلئے ہیلتھ کارڈ کے اجراسے اب ہر گھرانہ سالانہ 10 لاکھ روپے تک کسی بھی اعلان کردہ بیماری کی صورت میں اپنی پسند کے سرکاری و پرائیویٹ اورپینل پر موجود بڑے سے بڑے نجی ہسپتال سے باعزت طور پر ایک روپیہ بھی خرچ کئے بغیر اپنا اور اپنے اہل خانہ کامفت علاج کر واسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اس سہولت سے ہر شخص بلاامتیاز خواہ اس کا تعلق کسی بھی شعبہ ہا ئے زندگی سے ہو بلا تفریق برابری کی بنیاد پر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا علاج معالجہ کر واسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک یونیورسل ہیلتھ انشورنس کوریج ہے جس سے ملک بھر میں کسی بھی جگہ علاج کروایا جاسکتا ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پنجاب کی تمام12کروڑ آبادی کے ہر گھرانے کو 31 مارچ تک ہیلتھ کارڈ مل جائے گا جبکہ اب تک 20 لاکھ لوگ 46 ارب روپے سے اپنی مختلف بیماریوں کا علاج کرواچکے ہیں۔