حکومت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے،اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، کسی کو تحریک عدم اعتماد کا شوق ہے تو پورا کر لے،وفاقی وزیر شفقت محمود،صوبائی وزیر راجہ یاسر کی پریس کانفرنس

78

فیصل آباد۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و تربیت اور پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود اور صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب و جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفرا ز نے کہاکہ حکومت بھر پور طریقے سے عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کے اتحادی ان کے ساتھ اور انہیں ان پر مکمل بھروسہ ہے جبکہ خواب دیکھنے پرکوئی پابندی نہیں لہٰذا اگر کسی کو تحریک عدم اعتماد کا شوق ہے تو پورا کر لے۔وہ پیر کی دوپہر سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات و ممبر صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ،صو بائی وزیر کالونیز و ثقافت میاں خیال احمد کاسترو، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئر مین فیض اللہ کموکا ایم این اے، ممبر صوبائی اسمبلی و چیئر مین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر، ممبرصوبائی اسمبلی و وائس چیئر مین ایف ڈی اے فردوس رائے اور پی ٹی آئی کے ڈویژنل، ضلعی و شہری عہدیدارا ن ا ور بلدیاتی انتخا بات میں اہم نشستوں پر حصہ لینے والے رہنما بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہاکہ جس دن سے موجودہ حکو مت نے اقتدار سنبھالا اسی روز سے اپوزیشن کی جانب سے حکومت آج گئی یا کل گئی کا واویلا کیا جا رہا ہے اور اب استعفوں و لانگ مارچ کی دھمکیاں بری طرح فلاپ ہونے کے بعد تحریک عدم اعتماد کے نام پر میڈیا میں ڈرامہ رچایا جا رہا ہے جو صرف میڈیا میں ان رہنے کی کوشش ہے لہٰذا اگر کسی کو عدم اعتماد لانے کا شوق ہے تو وہ اسے پورا کر کے دیکھ لے تاہم خوا ب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں لیکن خواب ایسا دیکھنا چاہیے جس کی تعبیر ملنے کا کوئی چانس بھی ہو مگر عوام کے مینڈیٹ کے مطابق موجودہ حکومت کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں اور وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

شفقت محمود نے کہاکہ آج ان کافیصل آباد آنے کا مقصد تعلیم کے حوالے سے فیڈ بیک لینا اور پارٹی کارکنان سے پارٹی کے حوالے سے بات چیت کرناہے۔انہوں نے کہاکہ ان سے ملاقات میں پارٹی پالیسی کے مطابق لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت ہو گی۔انہوں نے کہاکہ منڈی بہاؤ الدین میں گزشتہ دنوں ہونے والا پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ انتہائی کامیاب رہا جس میں عوام الناس نے فقید المثال شرکت کر کے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان میں تحریک انصاف ہی سب سے بڑی جماعت اور عوام کو اس کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی اس حمایت نے اپوزیشن کے پراپیگنڈہ کا پول کھول دیاجو کبھی لانگ مارچ تو کبھی عوامی تحریک اور کبھی عدم اعتماد کا رونا رو رہی ہے یوں اپوزیشن کی عوامی تحریک ناکام ہو گئی کیونکہ عوام ان کے ساتھ نہیں۔انہوں نے کہاکہ زرداری اور نواز شریف کے بارے میں عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انہوں نے اپنے اپنے دور اقتدار میں عوام کو کس طرح لوٹا اسی لئے عوام ان کو دوبارہ حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے کیلئے نہیں بھیج رہے جبکہ یہ لوگ اسمبلی میں بھی ناکام ہوئے اور باہر بھی ان کی ساکھ گر رہی ہے اسی لئے یہ صرف اور صرف ایک دوسرے کو سہارا دینے کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنے 5سال مکمل کرے گی اورہم ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے جس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر خاندان کو 10لاکھ روپے تک علاج کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جس میں وہ اپنے شہر کے نجی اور اعلیٰ سہولیات سے مزین ہسپتالوں سمیت ملک بھر کے کسی بھی شہر میں پینل لسٹ پر موجودہسپتالوں میں اپنا علاج کروا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فیصل آباد کی ترقی کیلئے جو کچھ ہو سکا ان کی حکومت کرے گی کیونکہ انتخابات میں یہاں کے عوام نے بھاری اکثریت سے تحریک انصاف کو کامیابی دلوائی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن میں ایسی طاقت ہی نہیں کہ وہ جلسے کرے جبکہ اس کے مقابلے میں ہماری جماعت تحریک انصاف مختلف جلسے کر رہی ہے جو انتہائی کامیاب ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ منڈی بہاؤالدین اور وہاڑی کا کامیاب جلسہ اپوزیشن کیلئے تازیانہ عبرت ہے۔انہوں نے کہاکہ کسی کے بھی خواب دیکھنے پر پابندی نہیں اسلئے اگر خواجہ آصف کوئی خواب دیکھ رہے ہیں تو دیکھتے رہیں۔انہوں نے کہاکہ صحت کارڈ و کسان کارڈ حکومت کی طرف سے انقلابی پروگرام ہے۔انہوں نے کہاکہ فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم کو مزید مضبوط، منظم، مؤثر و فعال کیا جا رہا ہے تاکہ فیصل آباد کی ترقی کیلئے مزید ممکنہ انتظامات کئے جا سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کا کام عوام سے رابطے میں رہنا ہوتا ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اپوزیشن والے تو 2018سے ہی یہ اعلانات کر رہے ہیں کہ یہ حکومت آج گئی تو کل گئی لیکن اب ان کی بے وقت کی راگنی پر کوئی کان دھرنے والا نہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تحریک عدم اعتمادآئے گی پھر دیکھا جا ئے گاکیونکہ ایسے کئی اقدامات پہلے بھی بری طرح ناکام ہوئے اور آئندہ بھی ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کے خلاف ابھی تک کوئی بیان نہیں دیااسلئے وہ ہمارا ہی حصہ ہیں تاہم اگرجہانگیر ترین کسی سے ملاقات کر رہے ہیں تو ان کا اپنا تعلق ہوگاکیونکہ جمہوری عمل میں ایسا چلتا رہتا ہے لیکن اگر وہ کوئی مؤقف اپنائیں گے تو پھر اس پر بات کی جا سکے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مافیاز کے پاس بڑے وسائل ہوتے ہیں اور یہ مافیاز گزشتہ 70 سا ل سے سابق حکمرانوں کی آثیر باد سے انتہائی مضبوط ہو چکے ہیں تاہم ان کے ساتھ ہماری حکومت کی جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحادی ہر اچھے برے وقت میں ہمارے ساتھ تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے لیکن اگر کوئی چل کر کسی کے دروازے پر چلا جا ئے تو اس سے غلط مطلب نہیں لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور اس کے کارکن شاندار کا میابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی ڈر خوف کے بغیر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہو ئے ہے اور ان کی خوشحالی و فلاح و بہبود کے اقدامات کو آئندہ بھی جاری و ساری رکھا جا ئے گا۔