بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں 42 لاکھ ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل ،سرمایہ کاری کے نام پر 4 ہزار کو زمین دی گئی ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

63

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر، کشمیریوں کی قربانیوں کی وجہ سے زندہ ہے،اووسیز کشمیری اور پاکستانی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کام کررہے ہیں،بھارت اپنے اقدامات سے مسئلہ کشمیر کو ختم کرنا چاہتا ہے۔

پیر کو نیشنل پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر نازک اور فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکا ہے،5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا،اس کے بعد دنیا بھر میں بھارتی اقدامات کے خلاف آواز بلند ہوئی۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایسے اقدامات کررہا ہے جس سے وہ مسئلہ کشمیر کو ختم کرنا چاہتا ہے، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں 42 لاکھ ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل دے دیئے گئے ہیں،بھارتی حکومت چاہتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کسی ہندو کو وزیر اعلی بنایا جائے،مودی حکومت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی جارہی ہے،سرمایہ کاری کے نام پر 4 ہزار ہندوؤں کو کشمیر میں زمین دے دی گئی،بھارتی اقدامات کےخلاف لندن برسلز اور دیگر مقامات پر مظاہرے کیے،برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے ممبران نے کشمیر پر مکمل حمایت کا یقین دلایا،یورپی ممالک کے عوام اور میڈیا کشمیری عوام کی حمایت کرتے ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت میں حجاب کا معاملہ سب کے سامنے ہے،بھارتی حکومت اقلیتوں کے حقوق سلب کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی اقدامات کےخلاف عالمی سطح پر رائے عامہ کوہموار کیا،ہماری دعوت پر آزاد کشمیر کے تمام قائدین کل جماعتی کانفرنس میں آئے،میں نے پہلے مرحلے میں تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے رہنماؤں کو بلایا،کل جماعتی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے متعدد اقدامات کا فیصلہ کیا گیا،مسئلہ کشمیر، کشمیریوں کی قربانیوں کے باعث زندہ ہے۔

اوورسیز کشمیری اور پاکستانی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں اوورسیز کی کشمیر کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔برسلز، اسلام آباد اور مظفرآباد میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنسیں بلائیں گے۔24 فروری کو کشمیر کیلئے اسلام آباد میں بڑی ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے۔24 فروری کو ریلی کا آغاز نیشنل پریس کلب سے ہوگا۔آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اور قائدین ریلی میں شرکت کریں گے۔