وزیراعظم محمد نواز شریف کا پاک۔ ترک سرمایہ کاری گول میز کانفرنس سے خطاب

204
APP61-17 ISLAMABAD: November 17 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif and Turkish President Recep Tayyip Erdogan attend Pakistan-Turkey Investment Round Table. APP

اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان میں کاروباری دوست ماحول سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی، بنیادی ڈھانچہ، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام پاک۔ترک سرمایہ کاری گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے بالخصوص پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم منصوبہ کے تحت 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہداری کے ساتھ بڑے پیمانے پر صنعتی پارکس اور زون قائم کئے جا رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ اس سے پاکستان میں بے مثال تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں زور پکڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری گوادر کو شمال مغربی چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں اور افغانستان سے ملائے گی، ہم چاہتے ہیں کہ ترکی میں ہمارے دوست بھی اس اقتصادی ترقی کے پروگرام کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ ترک سرمایہ کاروں کو اس ضمن میں بھرپور رہنمائی فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کو متعدد مراعات اور پرکشش مواقع پیش کئے جا رہے ہیں۔