راولپنڈی ۔22فروری (اے پی پی):آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس فورس (سی ڈی ایف) جنرل اینگس جے کیمبل نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول فوجی تعاون، موجودہ افغان صورتحال سمیت علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس فورس نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں اور علاقائی استحکام میں اس کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی اور دونوں افواج کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔