ترک صدر رجب طیب اردوان وطن واپس روانہ ہوگئے

91

لاہور۔17 نومبر(اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے دوروزہ دورے کے بعد جمعرات کو وطن واپس روانہ ہوگئے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے حج ٹرمینل پر وزیراعظم محمد نواز شریف، بیگم کلثوم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ، وفاقی وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ محمد آصف سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے معزز مہمانوں کو رخصت کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ روانگی سے قبل ائیر پورٹ پر ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیر اعظم محمد نواز شریف،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گروپ فوٹو بنوایا۔ ترک صدر نے وزیر اعظم محمد نواز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب سے گرم جوشی سے مصافحہ اور معانقہ کیا۔ پاکستان میں دو دن قیام کے دوران ترک صدر نے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقاتیں کیں جبکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کیا۔