اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):ایوان صدر کی جامع مسجد سے خطبہ جمعہ براہِ راست نشر کیا گیا۔ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔ خطبہ جمعہ میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اختلاف رائے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
خطبہ جمعہ میں اس بات کی ضرورت پر زور دیا گیا کہ اختلاف رائے کے باوجود آپس میں ایک دوسرے کا احترام کیا جائے۔خطیب نے کہا کہ قرآن وسنت میں امت واحدہ کا تصور دیا گیا ہے، جہاں اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو عقل و فہم دیا تو وہاں اختلاف بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کے باوجود امت کو اتحاد قائم رکھنا چاہئے، اسلام میں اختلاف رائے کو قبول کیا گیا۔
خطیب نے کہا کہ اختلاف رائے کے باوجود ایک دوسرے کا احترام کرنا لازمی ہے۔ خطبہ میںکہا گیا کہ اختلاف رائے میں احترام کی حدود کو پامال نہ کیا جائے اور اختلاف کا قرآن و سنت میں حل تلاش کرنا چاہئے۔
نماز جمعہ کے موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر لوگوں کی رہنمائی کے لئے ایوان صدر کی جامع مسجد سے خطبہ جمعہ براہ راست نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔