سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد کی ملاقات

110
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد کی ملاقات

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے جمعہ کوڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے وزیر خزانہ، جاوید مینوہ اور مشیر براے قانون گلگت بلتستان سید سہیل شاہ بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پر عزم ہے۔حکومت پاکستان گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے، جنہیں بروئے کار لا کر گلگت بلتستان کی ترقی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔سیاحت کے شعبے کی ترقی صوبے کے عوام کی خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ماضی میں جی بی کو نظر انداز کیا گیا۔ گلگت بلتستان کے منتخب اراکین اسمبلی اور اسمبلی اسٹاف استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (پپس) سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

گلگت بلتستان کو صوبے کی حیثیت دینے کے لیے وفاقی حکومت مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔ سپیکر نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبے کی حیثیت دینے کے لیے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔آئینی ترمیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اپوزیشن رہنماؤں سے بات کروں گا۔

گلگت بلتستان کے ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سےگلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جذبات کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

گلگت بلتستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی حسن سے نوازا ہے ۔سیاحت کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی گلگت بلتستان حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سیاحت کے شعبے میں ترقی علاقے کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور صوبے سے پسماندگی کے خاتمے میں اہم کردار کر سکتی ہے۔گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔