راولپنڈی۔26فروری (اے پی پی):علی سوریانے 14ویں نیشنل ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 2022 کا ٹائٹل جیت لیا ہے،شبیر لشکر نے دوسری اور احمر سلڈیرا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
گذشتہ روز لیزر سٹی باؤلنگ کلب جناح پارک راولپنڈی میں کھیلے گئے پروفیشنل سنگلز کے فائنل مقابلوں میں علی سوریا نے 3 گیمز میں مجموعی طور پر 223.66 کی اوسط کے ساتھ 671 پن سکور کر کے پروفیشنل سنگلز کیٹیگری کا ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ شبیر لشکر نے زبردست مجموعی 605 پن سکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور احمر سلڈیرا مجموعی طور پر 581 پن سکور کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔
اس میگا ایونٹ میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے 10 مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں حصہ لیا۔پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان نے چیمپئین شپ کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران کو مبارکباد دی ہے اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔