راولپنڈی۔26فروری (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے تحصیل ہیڈکواٹرزہسپتال کلرکہارکااچانک دورہ کیا۔اس دوران ڈاکٹریاسمین راشدنے ٹی ایچ کیو ہسپتال کلرکہارمیں مختلف شعبہ جات کا دورہ کیااور مریضوں کی عیادت کی۔
وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ٹی ایچ کیوہسپتال کلرکہارمیں ادویات سمیت دیگرطبی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایم ایس ٹی ایچ کیوہسپتال کلرکہارنے وزیر صحت کوہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نےٹی ایچ کیو ہسپتال کلرکہارمیں نئی ایمرجنسی کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اظہارخیال کرتے ہو ئے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹرزہسپتال کلرکہارمیں مریضوں کو بہترطبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال کلرکہارمیں صفائی ستھرائی کے انتظامات تسلی بخش ہیں۔ ٹی ایچ کیوہسپتال کلرکہارمیں ایمرجنسی بنانے والے مخیرحضرات کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیوہسپتال کلرکہارمیں ڈائیلسزکی سہولت دستیاب ہوگئی ہے۔
کلرکہارسے پہلے مریضوں کو ڈائیلسزکروانے کیلئے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی جاناپڑتاتھا۔ ٹی ایچ کیوہسپتال کلرکہارمیں ڈائیلسزسنٹرکی مزیدتوسیع کریں گے۔ اس علاقہ کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی کمی کو پوراکرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ یہاں زیرتعمیرہسپتال کوبھی جلدمکمل کریں گے۔چکوال
میں 500بستروں پر مشتمل نئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال کی جلدتعمیرکا کام شروع کردیاجائے گا۔ ڈاکٹریا سمین راشد نے کہا کہ کلرکہارمیں مریضوں کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کریں گے۔ ٹی ایچ کیوہسپتال کلرکہارمیں سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی سہولت جلد فراہم کریں گے۔ اس علاقہ میں دلھہ سمیت مزید2مقامات پر اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹراما سنٹرزقائم کئے جائیں گے۔ پنجاب کے تمام تحصیل ہیڈ کواٹرزہسپتالوں میں ضروریات کی رپورٹ بناکرتمام طبی سہولیات جلد فراہم کی جائیں گی۔ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ مختلف ہسپتالوں کے الحاق سے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔