ملک و قوم کے روشن مستقبل اور اس کی تعمیر و ترقی کے لئے نوجوانوں کی میعاری تعلیم و تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

162
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اپنے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے روشن مستقبل اور اس کی تعمیر و ترقی کے لئے نوجوانوں کی میعاری تعلیم و تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے،اس سلسلے میں کیڈ ٹ کالجز کا کردار ہمیشہ سے قابل ستائش رہا ہے،کیڈٹ کالج حسن ابدال اور ملک کے دیگر علاقوں میں قائم کیڈٹ کالجز سے فارغ التحصیل افراد نے ملک کے ہر شعبے میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیڈٹ کالج حسن ابدال سے آئے ہوئے طلباء سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیر کو ان سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تعلیم کے شعبے سے ان کا گہرا تعلق ہونے کی وجہ سے انہوں نے ہمیشہ سے اس سلسلے میں خصوصی توجہ اور دلچسپی رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں طلباء بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، ان کی درست سمت میں رہنمائی اور میعاری و یکساں نظام ِ تعلیم کے ذریعے انہیں ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء نے قومی دھارے میں تعاون اور قوم کا سر فخر سے بلند کر کےاس بات کا ثبوت دیا کہ نوجوان حقیقی طور پر ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ زندگی میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو کہ ایک مقصد کے تحت جدوجہد کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی تمام بڑی شخصیات نے ہمیشہ اپنی ذات سے نکل کر معاشرے کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کیا ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفاد سے ہٹ کر ملک و قوم کی فلاح کے لیے جدوجہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ طالبِ علم تاریخ کا مطالعہ کرکے اپنے مقاصد کے حصول میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ملک کو ترقی کے راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے کی خواہاں ہے۔ حکومت کی جانب سے کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے عزم کی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی یونیورسٹیوں کو بین الااقوامی طرز پر اپ گریڈ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ اسپیکر نے طلباء کو محنت و لگن کے ساتھ اپنے اہداف کو حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا طلباء جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر کے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔