اپوزیشن لانگ مارچ کے نام پر ہلکان ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا کوئی پرسان حال نہیں، پٹرول،ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کو فروغ ملے گا ، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو

52

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن لانگ مارچ کے نام پر ہلکان ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا کوئی پرسان حال نہیں، بلاول نے کبھی سیاست نہیں کی، انہیں چیزوں کا اندازہ نہیں، مریم نواز نے کل زرداری صاحب کو جو کہا وہ ان کے دل کی آواز ہے، اپنے اتحادیوں سے رابطے میں ہیں، تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے، لوگوں کو مشکل میں نہیں چھوڑ سکتے،

تحریک انصاف کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی، حکومت نے معیشت کو درست ٹریک پر گامزن کر دیا ہے، وزیراعظم عمران نے پٹرول،ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بڑا اعلان کیا جس سے صنعتوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیاـ ۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی جس کی وجہ سے بیرونی قرضوں میں اضافہ ہو رہا تھا، حکومت کی پہلی کوشش ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا تھی، حکومت نے معیشت کو درست ٹریک پر گامزن کر دیا ہے،حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے۔ـ

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کا بہترین حکمت عملی سے مقابلہ کیا، عالمی ادارے اس سلسلہ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کر رہے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں نے ترسیلات زر سے ملک کی بھرپور مدد کی ۔ـ

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ہمیں بھی قیمتیں بڑھانی پڑیں،وزیراعظم عمران نے پٹرول،ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بڑا اعلان کیا جس سے صنعتوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ـ انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بحال کیا جس سے برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے، گندم،چنے،چاول کی ریکارڈ پیداوار ہوئی،

وزیراعظم عمران خان کو عام آدمی کی تکالیف کا احساس ہے،عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں ۔ـ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عام آدمی کو پہلے صحت کارڈ دیا،کل وزیراعظم نے بڑے پیکیج کااعلان کیا،نوجوانوں کو کاروبار کے لئے قرضے دینے کے ساتھ ساتھ نوجوان گریجویٹس کو30ہزار روپے انٹرن شپ دے رہے ہیں، احساس پروگرام سے عام آدمی کو فائدہ ہو رہا ہے،پہلے غریب آدمی اب مڈل کلاس کی بہتری کے لئے اقدامات کر رہے ہیں،راشن کارڈ پر آٹا،چینی اور گھی 30فیصد سبسڈی پر مل ر ہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لانگ مارچ کے نام پر ہلکان ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا کوئی پر سان حال نہیں، بلاول نے کبھی سیاست کی نہیں ،انہیں چیزوں کا اندازہ نہیں ہے،مریم نواز نے کل زرداری صاحب کو جو کہا وہ ان کے دل کی آواز ہے، حمزہ شہباز آئندہ الیکشن میں ن لیگ کا ٹکٹ لیں گے ، یہ کسی کو معلوم نہیں ہےـ۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے، لوگوں کو مشکل میں نہیں چھوڑ سکتےـ ،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور اگلی حکومت بھی پاکستان تحریک انصاف کی ہو گی ـ ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ اکانومسٹ کے مطابق پاکستان کورونا وائرس کی وبا کے مقابلے میں دنیا کے ٹاپ 3 ملکوں میں رہا، عالمی مہنگائی، افغان مسئلے کے باوجود ہمارے درست اقدامات سے کنسٹرکشن، ٹیکسٹائل انڈسٹری بحال ہوئی، برآمدات، ترسیلات زر میں اضا فہ ہوا، سو آج اس وجہ سے ہم عوام کو اتنا بڑا ریلیف دینے کی پوزیشن میں ہیں