وزیراعظم عمران خان سے راولپنڈی، بہاولپور، ملتان اور ساہیوال ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان کی الگ الگ ملاقاتیں

69

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو مہنگائی کی وجہ سے عوام کو درپیش پریشانیوں کا پوری طرح احساس ہے، عالمی منڈیوں میں اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے درآمدی مہنگائی کے منفی اثرات سے انہیں بچانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں، پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 10 روپے اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کی کمی عوام دوست اقدامات ہیں۔ ایک روزہ دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم عمران خان سے راولپنڈی، بہاولپور، ملتان اور ساہیوال ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

وزیر اعظم نے ارکان پارلیمان کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط کریں تاکہ ان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے جاری مختلف سرکاری سکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جا سکے، ان اسکیموں میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے تحت یونیورسل ہیلتھ کوریج، احساس کارڈ کے تحت راشن رعایت پروگرام اور دیگر غریب پرور اقدامات، کسان کارڈ کے تحت فصلوں کے لیے قرضے اور سستے نرخوں پر معیاری بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی فراہمی، کامیاب جوان اور کامیاب پاکستان پروگراموں کے تحت ہوم فنانسنگ، سستے کاروباری قرضے اور نوجوانوں کے لئے پیشہ وارانہ مہارتوں میں تربیت شامل ہیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کو مہنگائی کی وجہ سے درپیش عوام کو پریشانیوں کا پوری طرح احساس ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے درآمدی مہنگائی کے منفی اثرات سے انہیں بچانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے، ان عوام دوست اقدامات میں پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے کی کمی اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کی کمی شامل ہیں۔

ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کے لئےروز گار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کےلئےآئی ٹی کمپنیز اور فری لانسرز کے لئے 100 فیصد ٹیکس چھوٹ اور 100فیصد غیر ملکی کرنسی رکھنے کی چھوٹ اور آئی ٹی اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کے لئے کیپیٹل گین ٹیکس سے 100فیصد چھوٹ شامل ہیں۔علاوہ ازیں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت اگلے 2 سال میں کاروباری قرضوں پر 407 ارب روپے کی سبسڈی دی جاۓئے گی۔ احساس پروگرام کے تحت ماہانہ وظیفہ 12,000 روپے سے بڑھا کر 14,000 روپے کیا گیا ہے۔ گریجویٹ انٹرن شپ وظیفہ 30,000روپے ماہانہ کے ساتھ 2.6 ملین اسکالرشپس کے لیے 38 ارب مختص کئے ہیں ۔

وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لئے سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کر کے مہنگائی کے منفی اثرات کو کم کرنے کی بھرپورکوشش کر رہی ہے۔وزیراعظم نے انہیں صوبے میں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔