وزیراعظم عمران خان کے عوامی ریلیف پیکیج نے اپوزیشن کی نیندیں اڑا کے رکھ دی ہیں، (ن) لیگ عوام کے ریلیف پر بھی خفانظر آئی، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس پر ردعمل

57

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے عوامی ریلیف پیکیج نے اپوزیشن کی نیندیں اڑا کے رکھ دی ہیں، بطورسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو عمران خان کے اقدام کو سراہنا چاہئے تھا لیکن اخلاقیات اور (ن) لیگ دو الگ الگ چیزیں ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ (ن) لیگ عوام کے ریلیف پر بھی خفانظر آئی، (ن) لیگ کااصل ایجنڈا ہے کیا؟۔ فرخ حبیب نے کہا کہ آج ہم (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن،لوٹ مار اور اداروں کو تباہ کرنے کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کی ذمہ دار ن لیگ ہے،ہماری کوششوں سے یہ کم ہوا ہے، اسحاق ڈار نے ڈالر کی مصنوعی کیپنگ کی ۔

انہوں نے کہا کہ پیکا قانون (ن) لیگ کا بنایا ہوا ہے،موجودہ حکومت نے تو صرف سزائیں واضح کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے کرپٹ ترین لوگ (ن) لیگ کا حصہ ہیں،اگر سیاست میں کسی کو بیساکھی کی ضرورت ہے تو وہ نواز شریف اور شہباز شریف کو ہے، در درپر مارے پھرتی اپوزیشن کی ایک ہی خواہش ہے کہ انہیں کسی بھی طرح این آر او مل جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سب چوروں کو ان کے انجام تک پہنچا کے دم لیں گے۔