اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو اپنا دیا گل ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، وہ اپنی بقا کی لڑائی لڑ رہی ہے، چوہدری برادران نے اپوزیشن کے عدم اعتماد کی تحریک سے ہوا نکال دی ہے، تحریک انصاف حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ 2023 انتخابات میں دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، سندھ کے لوگ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ حکومت کے مسلسل پندرہ سالہ اقتدار، لوٹ مار اور کرپشن سے تنگ آ گئے ہیں، سندھ تبدیلی کی طرف بڑھ رہا ہے اور لوگوں کی آنکھوں میں تبدیلی کی چمک نظر آ رہی ہے۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حقوق مارچ حیران کن ہے، سندھ حکومت تحریک انصاف کے مارچ کو دیکھ کر حواس باختہ ہو گئی ہے اور اوچھی حرکتوں پر اتر آئی ہے، پیپلزپارٹی کے چند ناسمجھ کارکنوں کی طرف سے ہمارے مارچ کا راستہ روکنا آمرانہ روش کا ایک مظاہرہ ہے، وہ تصادم چاہتے تھے لیکن ہم پر امن رہے، تحریک انصاف کی سیاست تشدد نہیں، تبدیلی ہے، بلاول سے کہتا ہوں کہ آپ کا ایک سیاسی خاندان سے تعلق ہے، اسطرح کی حرکتوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ ایک طرف تحریک انصاف کا حقوق مارچ ہے اور دوسری طرف بلاول کا سرکاری مارچ ہے، آج ساری سندھ حکومت بلاول کے ٹرک کے اوپر بیٹھی ہوئی ہے، سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، سندھ میں دن دیہاڑے لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے، ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں اور سندھ حکومت ٹرک کی سواری کے مزے لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کا لانگ مارچ سندھ میں ہی دم توڑ گیا ہے، وہ رینٹ اے کراﺅڈ لیکر نکلے تھے، سندھ میں یہ کیفیت ہے تو پنجاب میں ان کی مقبولیت صرف پانچ فیصد ہے، انہیں عوام میں پذیرائی نہیں مل رہی۔
پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے کہا کہ 2013ءمیں خیبرپختونخوا اور 2018ءمیں پنجاب کے عوام نے عمران خان کا ساتھ دیا، آج جو سندھ میں ماحول دیکھ رہا ہوں اس سے صاف ظاہر ہے کہ عوام کی سوچ بدل رہی ہے اور وہ تبدیلی کا سفر شروع کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے اتحادیوں کو توڑنے کیلئے ہر حربے استعمال کر رہی ہے لیکن اتحادی اور پی ٹی آئی ارکان مضبوطی سے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائی تو جمہوری انداز سے اس کا مقابلہ کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے سنجیدہ ہے، ہم نے اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ آئیں مل کر آئینی ترمیم کرتے ہیں لیکن بھاگ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں بطور وزیر خارجہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہا ہوں، حقوق مارچ کے دوران بھی وزیراعظم عمران خان اور دفترخارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔