اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور یورپی کمیشن کے نائب صدر اور یورپی یونین کے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کے اعلیٰ نمائندے جوزف بوریل کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جمعرات کو یورپی کمیشن کے نائب صدر اور وزیر خارجہ نے یوکرین کی موجودہ صورتحال اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے روس اور یوکرین کے درمیان حالیہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ سفارت کاری سے ہی فوجی تنازعہ کو ٹالا جاسکتا ہے۔
ترقی پذیر ممالک پر تنازعات کے منفی اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے ،وزیراعظم عمران خان سفارتی حل کی اہمیت پر زور دیتے رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے کو پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا اور کہاکہ پاکستان بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے مسلسل کشیدگی میں کمی، پائیدار مذاکرات اور مسلسل سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے متعلقہ کثیر الجہتی معاہدوں، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق معاملے کےحل کی اہمیت پر زور دیا۔
جوزف بوریل نے صورتحال پر اپنا نکتہ نظر پیش کیا اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ عالمی معیشت پر اس کے اثرات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے مسلسل کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کیا۔وزیر خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے بوریل نے دو طرفہ رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔