وزیراعظم کے احساس راشن رعایت پروگرام سے 2کروڑ خاندان مستفیدہونگے ،ڈاکٹر ثانیہ نشتر

187

لاہور۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی وسینیٹرڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق احساس راشن رعائت پروگرام ایک تاریخی پروگرام ہے جس سے 2کروڑ خاندان مستفیدہوں گے ،اس پروگرام میں اہل افراد کیلئے حکومت کی جانب سے 120ارب کا ریلیف پیکج دیاگیاہے،اس پروگرام سے فی خاندان آٹا،گھی اور دالوں کی خریداری پر ماہانہ ایک ہزار روپے کی رعائت دی جائے گی جس میں مرچنٹس کیلئے بھی 8فیصد کمیشن مقرر کیا گیا ہے،پشاور کے قصہ خوانی بازار مسجد میں بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں گورنرہائوس میں منعقدہ مرچنٹس کنونشن پروگرام سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ انجمن تاجران کا اپنے اپنے علاقوں میں بہت اثرورسوخ ہوتاہے، میں امید کرتی ہوں کہ وہ احساس راشن رعائت پروگرام کو مزید آگے لے کرچلیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نچلے طبقے کے لوگ مستفیدہوسکیں انہوں نے کہا کہ نیشنل بنک اس پروگرام میں ہماری بہت مدد کررہاہے،

اب بنک آف پنجاب اوربنک آف خیبرپختونخوابھی اس پروگرام میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پہلے یہ پروگرام ملک میں موجود4ہزارکے قریب یوٹیلٹی سٹورز تک محدود تھامگرمرچنٹس ایسوسی ایشن کی دلچسپی کی وجہ سے اب اس پروگرام کا دائرہ کار وسیع ہوگیاہے جس سے غریب خاندان مستفید ہوسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ 10لاکھ مرچنٹس نیشنل بنک کے تعاون سے اس پروگرام کو مزید بہتری کی طرف لے کر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کوروناکے دوران تقریبا15لاکھ خاندانوں کوایمرجنسی کیش کی سہولت دی گئی،

اس کے علاوہ بچوں کیلئے احساس کفالت پروگرام کے ذریعے لاکھوں بچوں کو سکول جانے کی سہولت میسر کی گئی،اسی طرح انڈرگریجویٹ احساس پروگرام کے توسط سے طلبہ کو وظائف دیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خوردنی آئل اور دالیں اس لیے مہنگی ہیں کہ ہمیں یہ بیرون ممالک سے درآمد کرنی پڑتی ہیں ،اس سے قبل سبسڈی تمام لوگوں کو دی جاتی تھی لیکن ہم نے راشن رعائت پروگرام میں سبسڈی کی سہولت غریبوں کو دی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں محکمہ سوشل ویلفیئرکی مشکورہوں جنہوں نے اس پروگرام کی مرچنٹس اور عوام تک رسائی میں بنیادی کردار ادا کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ احساس راشن رعائت پروگرام سے غریبوں کی مشکلات حل ہونگی اوران کوگھی،آٹا ودیگر اشیائے ضروریہ سستے داموں میسر ہونگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطا بق عوام کو سستی اشیاء میسر ہوں اور ان میں خوشحالی آئے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں لوگوں کو مزید سہولیات دینگے۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل و سوشل ویلفیئر و بیت المال مدثر ریاض ملک ،نیشنل بینک کے گرو پ چیف محمد ہمایوں سجاد اور رحمت علی حسنی نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی شریک تھے۔