اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پارٹیاں اور ہمدردیاں بدلنے، ووٹ دینے یا دلانے کی بات کرنے والے ملک میں انتشار اور خلفشار چاہتے ہیں، عمران خان نے کمزور اور بیمارمعیشت کے باوجود آزادخارجہ پالیسی کو جنم دیا بیں، انشاءاللہ میرا یقین ہے عمران خان یہ جنگ جیتے گا۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ اپنے ایک انٹر ویو میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو لوگ پارٹیاں اور ہمدردیاں بدلنے ووٹ کے دینے یا دلانے کی بات کرتے ہیں میں سمجھتا ہوں ایسے معاشروں میں جمہوریتیں حادثوں کا شکار ہوتی ہیں ، میرا یقین ہے عمران خان یہ جنگ جیتے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے یہ شور برپا ہے، ابھی بڑے دن ہیں، ریکوزیشن ہی نہیں آئی اور 14 دن ریکوزیشن کے ہوتے ہیں اور صدر مملکت نے اجلاس بلانا ہوتا ہے اور آئین اور قانون میں کوئی طے نہیں کہ صدر کب اجلاس بلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کی ریکوزیشن موصول ہونے کے 14 دن کے اندرسپیکر نے اجلاس طلب کرنا ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اجلاس کی ریکوزیشن اورعدم اعتماد دو علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے کے بعد دو تین دن سپیکر کے پاس ہوتے ہیں اور اس کے بعد چھ سات دن اجلاس کے دوران اراکین پارلیمان اظہار خیال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ کرے، ملک سیلابوں یا زلزلوں اور قدرتی آفات سے تباہ نہیں ہوتے بلکہ ملک افواہوں اور تخریب کی باتوں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ جو کچھ کرنے جارہے ہیں یہ ملک میں انتشار اور خلفشار پیدا کرنے کے سوا کچھ نہیں
، اپوزیشن کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ الیکشن کو تقریبا ایک سال باقی ہے اور یہ جو حالات جا رہے ہیں، یوکرین اور روس کی جنگ کے بعد گندم اور تیل کی قیمتوں کو آگ لگ جائے گی اس لئے ہوش سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ میں داد دیتا ہوں وزیر اعظم کو جنہوں نے کمزور اور بیمارمعیشت کے باوجود آزادخارجہ پالیسی کو جنم دیا ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جو سامراج کے اشاروں پر پالیسیاں بنانے والے ہیں وہ ذرا سوچیں کہ کمزور معاشی حالات کے باوجود بھی عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی بنائی۔
انہوں نے کہا یہ اپنے دور میں چا ر چار، چھ چھ ڈرون حملے کراتے رہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے معاشی صورتحال کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے تیل اور بجلی کی قیمتوں پر بھاری ریلیف عوام کو دیا ہے جو معمولی بات نہیں ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اللہ تعالی کے حکم سے وزیراعظم عمران خان اپنی مدت پوری کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اس سے قبل بھی اسمبلی میں شکست ہوئی تھی اور اب بھی انشااللہ اپوزیشن کو اسمبلی میں شکست ہوگی اور پاکستان آگے بڑھ رہا ہے ۔