خواتین کا دن منانے کا مقصد خواتین کی ترقی کے عزم کی تجدید کرنا اور انہیں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اقدامات کو عملی شکل دینا ہے، شیریں مزاری

112

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ خواتین کا دن منانے کا مقصد خواتین کی ترقی کے عزم کی تجدید کرنا اور انہیں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اقدامات کو عملی شکل دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے دن کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں چاہے وہ فائٹر پائلٹس ہوں یا موسیقار ہوں، انہوں نے اپنے متعلقہ شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق نے معاشرے پر زور دیا کہ وہ خواتین کو آواز بلند کرنے کا موقع فراہم کریں چاہے وہ عورت مارچ ہو یا حجاب مارچ انہیں اپنی آواز بلند کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت نے کام کی جگہ کی تشریح کر کے ہراسگی قانون کے مواقع اور وسعت میں اضافہ کیا ہے۔ یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارا نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کیلئے مساوات یقینی بنانا پاکستان کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے اس مقصد کے حصول کیلئے تمام فریقین کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے پارلیمنٹ میں خواتین کی نمائندگی اور ماحولیات سے متعلق اقدامات میں خواتین کی شمولیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے 85 فیصد پروگراموں میں خواتین کو بالخصوص مالی طور پر بااختیار بنانے اور ہنر کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔