ای سی سی نے کامیاب اوورسیز پروگرام اور رمضان ریلیف پیکیج 2022 کی منظوری دیدی، ملک بھرمیں یوٹیلیٹی سٹورز پر19 ضروری اشیا رعایتی نرخوں پرفراہم کی جا ئیں گی

72

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے کامیاب پاکستان پروگرام کے نئے جزو کے طور پر کامیاب اوورسیز پروگرام (کے اوپی) اور رمضان ریلیف پیکیج 2022 کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت ملک بھرمیں یوٹیلیٹی سٹورز پر19 ضروری اشیا رعایتی نرخوں پرفراہم کی جائیں گی، اس مقصدکیلئے 8 ارب 28 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائیگی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس پیرکویہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین کی زیرصدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ وتحقیق سید فخر امام، وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام کے نئے جزو کے طور پر کامیاب اوورسیز پروگرام (کے اوپی) کی منظوریدی گئی۔ نئے اقدام کا مقصد سمندرپارجانے والے ان کم آمدنی والے کارکنوں کو آسان قرضوں کی فراہمی ہے جنہیں غیر ملکی ملازمت کی پیشکش کی گئی ہو،ان کے ملازمت کے معاہدے اور درست سفری دستاویزات کی تصدیق ہوچکی ہوں اوروہ این ایس ای آ ر کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں۔ قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 3 لاکھ روپے ہوگی اور روانگی کے تین ماہ بعد شروع ہونے والی آسان اقساط میں اس کی واپسی ہوگی۔اس اقدام کے تحت 10,180 افراد کوآسان قرضے دئیے جائیں گے جاری مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کیلئے 3 ارب روپے کاتخمینہ لگایاگیاہے۔

اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے رمضان ریلیف پیکیج 2022 کے ضمن میں وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے سمری پیش کی گئی۔ تفصیلی بحث کے بعد ای سی سی نے رمضان ریلیف پیکیج 2022 کی منظوری دے دی جس کے تحت ملک بھرمیں یوٹیلیٹی سٹورز پر19 ضروری اشیا رعایتی نرخوں پرفراہم کی جائیں گی، اس مقصدکیلئے 8 ارب 28 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائیگی۔

اجلاس میں پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے لیے انٹیگریٹڈ ٹیرف مینجمنٹ سسٹم کے قیام کے لیے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2020 میں مجوزہ ترامیم پر وزارت تجارت کی طرف سے پیش کردہ سمری پر غور کیا گیا اور اس کی منظوری دے دی گئی۔اجلا س میں وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے توغ فیلڈ سے کمرشل بنیادوں پر گیس مختص کرنے کی سمری پیش کی گئی ۔

ای سی سی نے بحث کے بعد تجارتی بنیادوں پر توغ فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کو 16 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کی اجازت دیدی۔ گیس کی قیمت کا تعین متعلقہ ریگولیٹر لاگو قوانین اور پالیسی کے تحت کرے گا۔اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے پیٹرولئیم کنسیشن ایگری منٹ میں ترامیم سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیوٹ لیمیٹڈ(جی ایچ پی ایل) کو اوجی ڈی سی ایل کے والی، جندراں ویسٹ، سارونا اورپیسوبلاک میں ورکنگ انٹرسٹ کو2.5 فیصدتک بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔

اجلاس میں وزارت توانائی (پاور ڈویژن) نے وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کردہ مراعاتی پیکج کی سمری پیش کی ۔ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی جس کے تحت مارچ 2022 سے جون 2022 تک کی مدت میں بجلی کے بیس ریٹ میں 5 روپے فی یونٹ کی کمی کی جائیگی۔ ریلیف پیکج میں ان تمام کمرشل اورگھریلو صارفین شامل ہوں گے جن کی ماہانہ کھپت700 یونٹس تک ہے۔اس پیکج کیلئے 136 ارب روپے کاتخمینہ لگایاگیاہے۔

اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت پیٹرول اورڈیزل پر10 روپے کی رعایت کے حوالہ سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اورریفائنریز کوقیمتوں میں فرق کی بنیادپرری امبرسمنٹ سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ اجلاس کوبتایاگیا کہ مارکیٹ میں قلت کوروکنے کیلئے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اورریفائنریز کوقیمتوں میں فرق کے حوالہ سے ادائیگی سبسڈی کے طورپرجائیگی۔ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں اسلام آبادمیں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کیلئے اخراجات کی مدمیں 428.90 ملین روپے، تخفیف غربت وسوشل سیفٹی ڈویژن کیلئے 47.56 ملین روپے، اورنیاپاکستان سرٹیفیکیٹس اوراسلامک نیاپاکستان سرٹیفیکیٹ کے حوالہ سے اصل زر اورسودکی ادائیگی کیلئے 135.078 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔