دبئی ایکسپو 2020 کا دورہ کرنے والے افرادکی تعداد 17 ملین سے تجاوز کر گئی

83
Dubai

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):دبئی ایکسپو 2020 کا دورہ کرنے والے افرادکی تعداد 17 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ایکسپوانتظامیہ کے مطابق ایکسپوکادورہ کرنے والے افراد کی کل تعداد 17,434,222 تک پہنچ گئی ہے،منتظمین کے مطابق ہر ہفتے تقریباً 1.5 ملین افراد نمائش کا دورہ کررہے ہیں اورآخری دنوں میں یہ تعداد 25 ملین کے قریب ہوجائیگی۔

کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری اورسفری پابندیوں کے خاتمہ کے بعد دبئی آنے والے بین الاقوامی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ایکسپو کا دورہ کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دبئی کے محکمہ اقتصادیات وسیاحت کے مطابق جنوری میں دبئی نے 979,700 سے زیادہ بین الاقوامی سیاحوں کی میزبانی کی جو جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں 116.6 فیصد زیادہ ہے۔

ریزرو کیے گئے کمروں کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ منتظمین کے مطابق ایکسپومیں آن لائن دلچسپی بھی بڑھ گئی اورورچوئل وزٹس کی تعداد 174 ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔