مالیاتی شعبہ کافی مستحکم ہے اور حکومت مختلف شعبوں میں مسلسل اصلاحات لا رہی ہے، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین

79
مالیاتی شعبہ کافی مستحکم ہے اور حکومت مختلف شعبوں میں مسلسل اصلاحات لا رہی ہے، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ مالیاتی شعبہ کافی مستحکم ہے اور حکومت مختلف شعبوں میں مسلسل اصلاحات لا رہی ہے، ہم پانچ فیصد تک پائیدار معاشی شرح نمو پر کام کر رہے ہیں جس میں چھ فیصد مزید اضافہ ہو گا۔

پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈسٹریلائزیشن، ہائوسنگ اور زراعت کے شعبے میں کئی اصلاحات کی گئی ہیں، کامیاب جوان پروگرام، صحت کارڈ اور احساس پروگرام حکومتی کاوشوں کے ہی نتائج ہیں۔

شوکت ترین نے کہا کہ حکومت ان فلاحی پروگراموں کے ذریعے اپر، مڈل اور لوئر کلاس کے درمیان توازن برقرار رکھنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے تاکہ معاشی ترقی سے ہر کوئی فائدہ اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے 1.2 ٹریلین کی سبسڈی دے رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اگرچہ پٹرولیم مصنوعات بڑھانے کی ضرورت تھی لیکن حکومت نے عوام کی سہولیات کیلئے اس میں کمی کی اور اس کیلئے ہم نے کوئی قرض لیا اور نہ ہی بجٹ کو ڈسٹرب کیا۔

انہوں نے کہا کہ سٹرکچرل اصلاحات ملکی معیشت کیلئے بہتر ثابت ہوں گی۔