اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):معاون خصوصی سیاسی امور و ترجمان وزیراعظم ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ایک طرف چند کرپٹ خاندان اور ان کے گماشتے کسی بھی طرح عمران خان کی حکومت ہٹانے کےلئے خریدو فروخت کر رہے ہیں اور دوسری طرف پی ٹی آئی سے وابستہ ہزاروں سمندر پار پاکستانی خان کا شکریہ ادا کرنے اسلام آباد پہنچے ہیں کہ شکریہ انہیں ووٹ کا حق دیا۔
اتوار کو اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ آزاد خارجہ پالیسی نے سبز پاسپورٹ کی عزت بڑھائی۔ ایک اور ٹویٹ میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ یہ وہ ہزاروں پاکستانی جنہوں نے سفارش یا کرپشن کے بغیر پرائے دیسوں میں اپنی قابلیت سے اپنا نام بنایا۔
ان سے زیادہ کون جانتا ہے کہ ایماندار لیڈر اور آزاد خارجہ پالیسی کی کیا اہمیت ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ذاتی خرچ پر تین روزہ کنونشن میں شمولیت کےلئے آئے ہوئے مہمان پوری قوم کا فخر ہیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں۔