اوآئی سی اجلاس میں مداخلت نہیں ہونےدیں گے، لانگ مارچ کرنےوالوں کو پہلے روکا نہ آئندہ روکاجائےگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بیان

67

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اوآئی سی اجلاس میں مداخلت نہیں ہونےدیں گے،لانگ مارچ کرنےوالوں کو پہلے کبھی روکا اور نہ ہی آئندہ روکاجائےگا۔منگل کو مولانا فضل الرحمان کے لانگ مارچ کے اعلان کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اوآئی سی کانفرنس اسلام آبادمیں ہونےجارہی ہے،اجلاس میں مداخلت نہیں ہونےدیں گے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ اوآئی سی اجلاس کیلئے دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں،اسلام آباد میں اوآئی سی اجلاس پاکستان کیلئےاعزازہے۔اپوزیشن کے حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہےہمارےپاس نمبرز پورےہیں،نمبرز پورے ہیں تو اسلام آباد میں دھرنوں کی کیاضرورت ہے۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جووزیراعظم قوم سےشیئر کرناچاہتےہیں،جلسے کے ذریعے وزیراعظم عمران خان قوم کواعتمادمیں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامقابلہ آئینی و قانونی طریقے سے کریں گے۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ تمام ارکان اپنی آئینی وقانونی ذمہ داری کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک عدم اعتما د پیش کرنا اپوزیشن کا آئینی حق ہے،عدم اعتماد کا مقابلہ کرنا ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نےلانگ مارچ کیا ،حکومت نےکہیں نہیں روکا،لانگ مارچ کرنےوالوں کو آئندہ بھی نہیں روکا جائے گا۔