اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو بیلاروس کے اپنے ہم منصب ولادیمیر میکی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں فریقین نے یوکرین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کے خدشات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ تنازعہ کسی کے مفاد میں نہیں ،بالخصوص ترقی پذیر ممالک معاشی طور پر سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے اپنے بیلاروسی ہم منصب کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے احترام، دشمنی کے خاتمے، انسانی امداد کی فراہمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کے لیے مسلسل کوششوں پر پاکستان کے مستقل موقف سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے اندازے کے مطابق بیلاروس کا مذاکرات کاروں کے ساتھ سفارتی حل میں اہم کردار ہے۔
اس حوالے سے وزیر خارجہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ روس اور یوکرین کے درمیان بیلاروس کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے بیلاروسی ہم۔منصب کو بتایا کہ پاکستان نے پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور یوکرین سے ان کے انخلاء کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔ اس سلسلے میں، پاکستان یوکرین اور اس کے ہمسایہ ممالک کی طرف سے تعاون کے لیے شکر گزار ہے کیونکہ پاکستانی کمیونٹی کے زیادہ تر افراد کو ان راستوں سے بحفاظت نکال لیا گیا۔