اپوزیشن کی سیاست کی گندگی کھل کر سامنے آ گئی ہے،وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس

65

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی سیاست کی گندگی کھل کر سامنے آ گئی ہے، سندھ ہائوس جانے والے ضمیر کی آواز پر نہیں ”روکڑے” کی آواز پر وہاں گئے ہیں، حکومت بھی اربوں روپے لگا کر ارکان خرید سکتی ہے لیکن ہم ایسا کوئی غیر قانونی کام نہیں کریں گے، میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے، کپتان کی اننگز شروع ہونے والی ہے، جو ارکان پی ٹی آئی اور عوام کے مینڈیٹ کے خلاف ووٹ ڈالنے کی تیاری کر رہے ہیں وہ اپنے حلقوں میں جانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حماد اظہر نے کہا کہ ٹی وی سکرین پر چند لوگوں کے جو چہرے نظر آئے ہیں وہ اپنے ضمیر کی آواز پر نہیں ”روکڑے” کی آواز پر وہاں گئے ہیں اور اسی کے خلاف ہم آواز بلند کرتے رہے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے، میڈیا ان لوگوں کے حلقوں میں کیمرے اور مائیک لے کر جائے اور ان سے پوچھے کہ عمران خان کے بلے کے نشان پر لاکھوں لوگوں نے ووٹ دے کر آپ کو منتخب کرکے بھیجا ہے، وہ عمران خان کے خلاف ووٹ دینے کی تیاری کر رہے ہیں کیا عوام کا مینڈیٹ ان کے پاس ہے اس پر جو جواب انہیں ملے گا وہ ان ارکان کی آنکھیں کھول دے گا اور یہ اپنے حلقوں میں جانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

حماد اظہر نے کہا کہ ہم 27 مارچ کے جلسہ اور عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے کیلئے بھی تیاریاں کر رہے ہیں، ایک طرف عوام فیصلہ سنائے گی اور دوسری طرف اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کو بھی ناکام بنائیں گے، قوم کے سامنے واضح لکیر آ چکی ہے اس سے زیادہ واضح لکیر پہلے کبھی نہیں آئی، پاکستان کی سیاست کی اسی گندگی کے خلاف ہم جنگ کر رہے تھے اور اب وہ گندگی کھل کر سامنے آ گئی ہے، اس مرحلہ سے بھی حکومت مزید مضبوط ہو کر اور عوام کی حمایت لے کر نکلے گی، کارکن 27 مارچ کے جلسہ کی تیاریاں جاری رکھیں، یہ کوئی عام جلسہ نہیں ہو گا، تحریک انصاف نے ملکی تاریخ میں بہت بڑے جلسے کئے ہیں اور یہ جلسہ بھی ملک کی تاریخ بدلنے والا جلسہ ہو گا اور ملک میں پہلے کسی نے اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا ہو گا۔

حماد اظہر نے کہا کہ ہم عوام کیلئے سیاست کر رہے ہیں، اقتدار کیلئے سودے بازی نہیں کریں گے، حکومت بھی اربوں روپے لگا کر ارکان خرید سکتی ہے لیکن ہم ایسا کوئی غیر قانونی کام نہیں کریں گے، میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے، 2 اوورز کا انتظار کریں، کپتان کی اننگز شروع ہونے والی ہے۔