وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان کا اسلام آباد ریجن کے عہدیداران اور کارکنوں سے خطاب

80

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور اور ریجنل صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے روایتی سیاسی نظام کو چیلنج کیا ہے ان کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے ،ان کا کوئی رشتہ دار حکومت کا عہدیدار نہیں، 27 مارچ کے جلسے کے لئے اسلام آباد میں 20 مارچ سے کیمپس لگ جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر میں اسلام آباد ریجن کے عہدیداران اور کارکنوں سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں سٹیٹس کو توڑا ہے اور 24 سال جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئے ہیں ان کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے وہ سیاست میں اپنے خاندان یا رشتے داروں کو پالنے نہیں آئے ماضی میں پیپلزپارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے رشتے دار اونچی اونچی پوسٹوں پر تعینات ہوتے تھے لیکن عمران خان نے یہ جمود توڑا ہے جس کی تکلیف روایتی سیاستدانوں کو ہو رہی ہے

انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ نے یہ اعزاز بھی وزیر اعظم عمران خان کو بخشا کہ ان کے آواز اٹھانے پر اقوام متحدہ نے اسلامو فوبیا کے لیے سالانہ دن مقرر کیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم وزیراعظم عمران خان اور ان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہوں، انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کے جلسے کے لیے اسلام آباد میں کیمپس 20 مارچ سے لگ جائیں گے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں گاڑیاں ایس ایم ڈی سکرینز کے ساتھ گھومیں گی جن میں جلسے سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔