فیصل آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان غیرت مند قوم کا دلیر و بہادر لیڈر ہے جسے ایبسولیوٹلی ناٹ کہنے اور اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے پرحکومت سے نکالنے کی سازش کی جارہی ہے لیکن انہیں یا ہمیں اپنے کئے پر کوئی خوف یا شرمندگی نہیں جبکہ سو گیدڑ مل کر بھی بہادر شیر کا شکار نہیں کرسکتے۔وہ اتوار کی شام آرٹس کونسل اقبال سٹیڈیم فیصل آباد سے پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ فیصل آباد کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلی کے شرکاو میڈیا سے ضلع کونسل چوک پہنچنے پر خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئرمین فیض اللہ کموکا ، شیخ خرم شہزاد ایم این اے، صوبائی وزیر کالونیز و ثقافت میاں خیال احمد کاسترو، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر چیئرمین ایف ڈی اے و سٹی صدر پی ٹی آئی،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے بھائی میاں نبیل ارشد، شکیل شاہد پارلیمانی سیکرٹری لیبر پنجاب ، میاں وارث عزیز ایم پی اے و چیئرمین پی ایچ اے،سٹی جنرل سیکرٹری تحریک انصاف حسن نیازی، امیدوار لارڈ میئر رانا زاہد محمود،پی ٹی آئی، انصاف یوتھ ونگ کے عہدیداران اور کارکنان سمیت سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک تھے۔
ریلی کے شرکا نے بڑی تعداد میں بینرز، فلیکس، پلے کارڈز، پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر منحرف و باغی پی ٹی آئی ارکان اسمبلی فیصل آباد راجہ ریاض احمد اور نواب شیر وسیر کے خلاف نعرے درج تھے ۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عمران خان ملک و قوم کے مفاد کی جدوجہد کررہے ہیں جنہوں نے اغیار کے تلوے چاٹنے والے ماضی کے حکمرانوں کے برعکس ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دی اور ملکی مفاد کی خاطر عوام کیلئے بہترین فیصلہ کرتے ہوئے انہیں آزاد خارجہ پالیسی کی راہ پر گامزن کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خلاف تاریخی مقدمہ جیتالہٰذاعمران خان صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کیلئے عظیم رہنما ہیں یہی وجہ ہے کہ پچاس سے زائد اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ او آئی سی کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آرہے ہیں جو ان پر عالم اسلام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان غریب اور پسے ہوئے طبقے کی فلاح کیلئے کوشاں اورایک خوددارو نڈر لیڈر ہونے سمیت اس ملک کے غریب کے حقوق کے محافظ ہیں اسی لئے پوری قوم اپنے محبوب لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ قوم بھوکی مرجائے گی لیکن غیرت پر سودا نہیں کرے گی اسی لئے وہ بھی ڈٹ کر کھڑے ہو گئے اور کھڑے ہیں نیز ان کی حکومت رہے یا نہ رہے وہ پاکستان اور قوم کی غیرت کا سودا کریں گے اور نہ ہی کسی کو کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے اسلامو فوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد منظور کرائی اور وہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے سیاست میں آئے۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہاکہ شہباز شریف کی طرف سے کہا گیا کہ عمران خان کو یورپی یونین کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے تھی پھر کہا گیا کہ ان کو امریکہ کو ایبسولیوٹلی ناٹ نہیں کہنا چاہیے تھا تو کیا وہ ملک پر ماضی کی طرح ڈرون حملے جاری رہنے دیتے، اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیﷺ جن پر ہم اور ہماری آل اولاد قربان، ان کی شان میں گستاخی برداشت کرتے رہتے، ملک کو اغیار کی جنگ میں جھونک دیتے جس میں پہلے ہی ہماری اسی ہزار شہادتیں اور سو ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نہیں کرسکتے کیونکہ ہمارا مذہب اسلام اور ہمارا ایمان اور ہمارا ضمیر ہمیں اس کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض اور نواب شیر وسیر جیسے لوگوں نے عمران خان کے قدموں میں بیٹھ کر پی ٹی آئی کے ٹکٹ لئے اور اب وہ ضمیر فروشی کر کے نہ صرف خود کو بیچ رہے ہیں بلکہ ان لاکھوں ووٹرز کی توہین کر رہے ہیں جنہوں نے انہیں عمران خان کے نام پر ووٹ دیئے۔معاون خصوصی نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام ان کا وہ سیاسی حشر کریں گے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض کے حلقے سے پی ٹی آئی آئندہ جس کو بھی ٹکٹ دے اس کی انتخابی مہم وہ خود چلائیں گے اور راجہ ریاض کو بتائیں گے کہ لیڈر سے غداری کیسے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیرون ملک اثاثے، جعلی بینک اکاؤنٹ، کاروبار،فیکٹریاں نہیں جو انہیں بیرونی طاقتوں کا کوئی ڈر ہو ان کا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے جن کیلئے وہ اقتدار تو قربان کردیں گے مگر نہ کسی کو این آر او دیں گے، نہ لوٹوں سے بلیک میل ہوں گے اور نہ ان کے آگے سر تسلیم خم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 75 سال میں پاکستان میں پہلی بار ایک سچا عاشق رسولؐ، ایماندار، دیانتدار، غیرت مند،قوم کا سچا بیٹا اور بہادر لیڈر برسراقتدار آیا ہے جنہیں راجہ ریاض اور شیر وسیر جیسے بکاؤ مال کے ذریعے گرانے کی سازش کی جارہی ہے لیکن پوری قوم یہ تمام تماشہ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان ہی ہے جو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقتوں سے ٹکرا گیا ہے اسلئے جو گیدڑ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ایک دلیرشیر کا اتنی آسانی سے شکار کرلیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی عظمت کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے درگئی میں اپنے خطاب میں کہا ہے کہ پارٹی لیڈر باپ کی طرح ہوتا ہے اسلئے وہ ایک سیاسی باپ کی حیثیت سے انہیں کہہ رہے ہیں کہ جو ارکان اسمبلی کسی وجہ سے ڈگمگا کر ادھر ادھر ہورہے ہیں وہ فوراً واپس آجائیں انہیں معاف کردیا جا ئے گا اور کچھ نہیں کہا جا ئے گا۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عدم اعتماد جیسے ہتھکنڈوں سے ڈرایا یا جھکایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جو جو بھی غلط سائیڈ پر گیا ہے اس کیلئے پیغام ہے کہ کامیابی اور فتح ہمیشہ حق و سچ کی ہوتی ہے اسلئے عزت سے اپنے گھر واپس آجائیں اور اپنا سیاسی مستقبل تاریک ہونے سے بچائیں۔