اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتوار کو وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ، ترجمان وزارت خارجہ عاصم افتخار و دیگر سینئر افسران وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو پارلیمنٹ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں کے حوالے سے کیے گئے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر خارجہ نے مرکزی کانفرنس ہال، وفود کی سہولت کیلئے بنائے گئے کاؤنٹرز، میڈیکل سینٹر، میڈیا سینٹر اور مختلف میٹنگ رومز ملاحظہ کیے اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے بعد، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کی میزبانی کو بہت بڑا اعزاز سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آۡج صبح مصر کے وزیر خارجہ تشریف لا چکے ہیں، میری ان کے ساتھ دو طرفہ ملاقات بھی ہو چکی ہے، کل، بیشتر وزرائے خارجہ شریف لے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز بشمول فلسطین اور کشمیر کی صورتحال بھی زیر بحث آئے گی، پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے، او آئی سی کے پلیٹ فارم کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتا ہے، میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اسلاموفوبیا کے خلاف ہماری کاوشیں ثمر بار ہوئیں، اقوام متحدہ میں قرارداد منظور ہو چکی ہے اب انشاءاللہ 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے مہمان وزرائے خارجہ و دیگر وفود کی سہولت کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔