او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بحرین کے انکے ہم منصب عبد الطیف الزیانی کی ملاقات

67
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بحرین کے انکے ہم منصب عبد الطیف الزیانی کی ملاقات

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بحرین کے انکے ہم منصب عبد الطیف الزیانی نے ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت کیلئے تشریف آوری پر بحرین کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، بحرین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات یکساں عقیدے، اقدار، اور ثقافت کی بنیاد پر استوار ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں علاقائی و بین الاقوامی تنازعات کے حوالے سے امور بھی زیر بحث آئے، بحرینی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ بھی ادا کیا۔