اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے عراق کی علاقائی سالمیت و خود مختاری کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت کی کامیابیوں اور تعمیرنو کی کوششوں کو سراہا ہے۔ منگل کو وزیراعظم سے او آئی سی کے وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تعلقات کی جڑیں مشترکہ عقیدے، اقدار اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے عراق کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے عراق کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت کی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔ وزیراعظم نے چیلنجوں پر قابو پانے اور ملک کی تعمیرنو کی کوششوں میں خاص طور پر عراقی عوام کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے وزیر خارجہ سے مختلف علاقائی و عالمی امور کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے دنیا بھر میں مسلمانوں اور اسلامی ممالک کو درپیش عصری چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے او آئی سی کے اجتماعی اقدام کی اہمیت پر زوردیا۔ عراقی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے او آئی سی اجلاس کے شاندار انتظامات کو سراہا۔