پی ٹی آئی کے تین کارکنوں کو عدالت نے جیل کسٹڈی کردیا،دو اراکین سندھ اسمبلی کی قبل از گرفتاری ضمانت منظور، حلیم عادل شیخ کی میڈیا سے گفتگو

60

کراچی۔22مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے منحرف رکن رمیش کمار کے گھر کے سامنے احتجاج کرنے پر درج کیس پر پی ٹی آئی کے گرفتار تین کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے تینوں کارکنوں نعمان اعظم، محمد فیاض، ناصر خان کو جیل کسٹڈی بھجوا دیا جبکہ دو اراکین سندھ اسمبلی سعید آفریدی اور شاھنوازجدون کو قبل از گرفتاری ضمانت دے دی گئی۔

میڈیا سیل اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے سٹی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفنس کے مکینوں نے احتجاج کر کے ایک لوٹے کو لوٹا کہا، اسی دوران ہمارے دو ایم پی اے جو کہ وہاں سے کافی دور تھے،اپنا احتجاج کر کے واپس آگئے۔

بعد ازاں جب ہمارے ایم پی ایز وہاں نماز پڑھ رہے تھے ، ہمارے ایم پی ایز اور کارکنوں پر جھوٹی ایف آئی درج کر دی گئی جس میں پولیس مقابلہ، اغوا کی کوشش ، جان سے مارنے کی دھمکی ، فائرنگ کی دفعات شامل کی گئیں اور ہمارے پر امن کارکنوں کے گھروں پر چھاپہ مار کر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کر کے تین کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔

حلیم عادل شیخ نے پولیس سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ ڈاکو تم سے پکڑے نہیں جاتے، ڈاکو مارکر بھاگ جاتے ہیں پولیس کی وہاں جاتے ہوئے کانپیں ٹانگ جاتی ہیں لیکن ہمارے ساتھی ناصر کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ،

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارے ورکرز ہماری جان ہیں، ہماری پہچان ہیں ، تحریک انصاف کے ٹائیگرز ہماری شان ہیں اوراس وقت تمام وکلا ، تمام پارلیمینٹیرینز اپنے ورکرز کے ساتھ کھڑے ہیں اور سندھ پولیس میں جو مداری ہیں، جو کمدار ہیں ، ان سے اچھے طریقے سے نمٹیں گے۔