چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ محمداظفراحسن کی ازبکستان کے نائب وزیرخارجہ فرقت اے صدیق سے تاشقند میں ملاقات

121

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وزیرمملکت اورچئیرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفراحسن نے ازبکستان کے نائب وزیرخارجہ فرقت اے صدیق سے بدھ کوملاقات کی۔ ازبکستان کے نائب وزیرخارجہ نے وزیرمملکت اورچئیرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفراحسن کاپرتپاک خیرمقدم کیا۔

انہوں نے 2020 تک پاکستان میں بطورسفیر گزرے ہوئے وقت کویادکیا اورکہاکہ پاکستان اورازبکستان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ ازبکستان کے نائب وزیرخارجہ فرقت اے صدیق نے منگل کو اسلام آباد میں اوآئی اسی وزرائے خارجہ اجلاس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت بھی کی تھی۔

انہوں نے چئیرمین سرمایہ کاری بورڈکویوم پاکستان پرمبارکبادپیش کی ۔ ملاقات میں بن قاسم کراچی میں کارگوسہولت کے قیام کے مشترکہ منصوبہ اورزرعی مشینری کی تیاری کیلئے پلانٹ کے قیام سمیت دونوں ممالک کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے اقدامات سے متعلق امورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔