منظم اور پیشہ ور مسلح افواج کی موجودگی میں کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

127

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ منظم اور پیشہ ور مسلح افواج کی موجودگی میں کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، قوم کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے کہ فوج مضبوط رہے، دنیا میں اگر کسی نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا تو وہ پاک فوج ہے، 23 مارچ کو یوم پاکستان کی شاندار پریڈ کے انعقاد پر میرا سر فخر سے بلند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پریڈ کے منتظمین کو اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی مضبوط مسلح افواج کی بدولت ہی مضبوط اور مستحکم ہے، پاکستان ہمیشہ مشکل صورتحال سے کامیابی سے نکلا ہے اور اس نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا، اس جنگ میں ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی صلاحیت اپنے دفاع کیلئے حاصل کی اور یہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم کو کوئی آنچ نہیں پہنچاسکتا، بھارت کو بھی ہماری طاقت کا اندازہ ہے، ہماری پرامن اور اصول پسند آواز کا دنیا پر اثر ہوگا، دنیا کی ٹیکنالوجی جتنی بھی ترقی کرلے پاکستان میں اس کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پر وقت چوکنا رہنا ہے، دنیا جو مرضی کہتی رہے ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صدر مملکت نے مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں اس دیرینہ تنازعہ کے حل میں ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔

قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 23 مارچ کو یوم پاکستان کی شاندار پریڈ کے انعقاد پر پریڈ کے منتظمین میں اعزازات تقسیم کئے۔ تقریب میں مسلح افواج کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔