لیڈر وہ ہوتا ہے جو اپنی قوم کو مشکل وقت میں لیڈ کرتا ہے، ہمارے دور کا لیڈر عمران خان ہے ،معاون خصوصی علی نواز اعوان کا سیدپور میں خطاب

67

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ہمارے دور کا لیڈر عمران خان ہے جس نے ہمیں ہر قسم کے مسائل سے نکالا، ملک کو خودداری کی راہ پر چلایا، لیڈر وہ ہوتا ہے جو اپنی قوم کو مشکل وقت میں لیڈ کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سید پور میں 27 مارچ کے جلسے کے حوالے سے لگائے گئے کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر فوزیہ ارشد اور یونین کونسل سید پور کے سابق چیئرمین راجہ شیراز کیانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ریجنل صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان نے کہا کہ حمزہ شہباز اور شاہد خاقان عباسی نے تسلیم کیا ہے کہ مقصود چپڑاسی کے اکائونٹ میں آنے والے پیسے ہمارے تھے، اگر وہ حلال کے پیسے ہوتے تو قانونی راہ سے پاکستان آتے، یہ پاکستانی عوام کا چوری کا پیسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور کا لیڈر عمران خان ہے جس نے ہمیں ہر قسم کے مسائل سے نکالا، ملک کو خودداری کی راہ پر چلایا، لیڈر وہ ہوتا ہے جو اپنی قوم کو مشکل وقت میں لیڈ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے بائیڈن دنیا کا لیڈر ہے، ہم کہتے ہیں دنیا کا نہیں امریکا کا ہوگا، ہم نے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کیا، یہی ہمارا قصور ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر عوام میں سے ہوتا ہے، لیڈر کو اللہ نے دیوار کے پیچھے دیکھنے کی صلاحیت دی ہوتی ہے۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ سید پور میرا دوسرا گھر ہے، راجہ شیراز کیانی کی سید پور کی عوام کے ساتھ محبت ہے جو ہمیشہ عوام نے ان کی کال پر لبیک کہا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ چہروں سے نقاب اتر چکے ہیں، مسلم دنیا کی لیڈر شپ آج عمران خان کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا حقیقی تصور انصاف کی بلا تفریق فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو استطاعت سے بڑھ کر عمران خان کا ساتھ دیں گے اور تاریخی ریلی کے ساتھ پریڈ گرائونڈ پہنچیں گے۔