عمران خان امت مسلمہ کے لیڈر بن چکے ہیں ، 27 مارچ کو آزاد کشمیر سے قافلے وزیراعظم عمران خان سے یکجہتی کیلئے جوق در جوق اسلام آباد آئیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر کی پریس کانفرنس

101

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان امت مسلمہ کے لیڈر بن چکے ہیں ، 27 مارچ کو آزاد کشمیر سے قافلے وزیراعظم عمران خان سے یکجہتی کیلئے جوق در جوق اسلام آباد آئیں گے، او آئی سی اجلاس میں کشمیر کی حمایت میں قرادادوں کی منظوری حکومت پاکستان کی کامیابی ہے، عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ کشمیریوں کے سفیر اور محسن ہیں، اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف 15 مارچ کو عالمی دن منانے کی قرارداد کی منظوری ایک بڑی کامیابی ہے۔

جمعہ کو تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پارلیمانی اجلاس میں ہم نے فیصلے کئے، آزاد کشمیر کے تین ڈویژن سے قافلے جلسہ کیلئے نکلیں گے، میر پور، پونچھ، مظفر آباد سے قافلے آئیں گے، راولپنڈی میں کشمیریوں کی کثیر تعداد مقیم ہے، اس کیلئے الگ کمیٹی بنائی ہے، پورا آزاد کشمیر متحرک ہے، ہفتہ کو راولپنڈی میں کشمیریوں کا جلسہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر جرات سے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے اٹھایا، او آئی سی اجلاس میں امہ مسلمہ کے وزراء خارجہ اور دنیا بھر سے مندوبین شریک تھے، اوآئی سی کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر اٹھایا، پاکستان مسلم دنیا کو لیڈ کر رہا ہے جس کی قیادت عمران خان کر رہے ہیں، بھٹو کے بعد عمران خان کی سربراہی میں یہ کانفرنس ہوئی جس میں اسلام کا نظریہ اجاگر کیا گیا، مدینہ کی ریاست میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے رول ماڈل دیا، اس سے پہلے بھی عدم اعتماد کی تحریکیں آئیں، پی ڈی ایم نے چھانگا مانگا اور مری کی سیاست کرکے لوگوں کو خریدا، عمران خان نے واضح کر دیا میں عوام کے پاس جائوں گا، کسی کے آگے نہیں جھکوں گا اورعوام نے میلسی سے مالاکنڈ تک بھرپور پذیرائی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی پوری دنیا میں ہے لیکن اس کی بنیاد پر پی ڈی ایم نے ایک تماشا لگا رکھا ہے، قوم جانتی ہے حقیقی لیڈر کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بیس کیمپ کا وزیراعظم ہوں، پاکستان نے بہترین خارجہ پالیسی اپنائی ہوئی ہے، عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں، کشمیری عوام جانتے ہیں ہمارا درد رکھنے والا لیڈر عمران خان ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بلاتفریق ہر شہری کو صحت کارڈ دیا گیا اور اسی بنیاد پر ہم نے انتخابات جیتے، ہمارے مخالفین تو آج بھی نوٹوں کی بوریاں بھر بھر کر لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عمران خان کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو کی جانب سے او آئی سی کا اجلاس نہ ہونے دینے کی بات افسوسناک ہے، عمران خان ایک ایماندار اور جرات مند لیڈر ہے جو کسی کے آگے جھکنے کی بجائے ”ایبسلوٹلی ناٹ” کہتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے شہری قائداعظم کے بعد عمران خان اور جنرل باجوہ کی تصویریں اپنے سینوں پر سجائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سے وزیراعظم عمران خان سے یکجہتی کیلئے 27 مارچ کو بھرپور شرکت ہوگی۔