عمران خان اسلامی لیڈر کے طور پر پوری دنیا میں ایک سرخیل کا درجہ رکھتے ہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کا مانسہرہ میں جلسہ سے خطاب

85

مانسہرہ۔25مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر ریلوے سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ عمران خان اسلامی لیڈر کے طور پر پوری دنیا میں ایک سرخیل کا درجہ رکھتے ہیں،اسلام اور پاکستان کی ناموس کے لئے وہ ہرمیدان میں ڈٹ کر کھڑا ہے،عمران خان نے پوری ملت اسلامیہ کو متحد کیا،عمران خان پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں۔

جمعہ کو مانسہرہ میں تحریک انصاف کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑی بکنے والے نہیں یہ خان صاحب کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے تھے، ہیں اور رہیں گے۔27 مارچ کو ہم سب پریڈ گرائونڈ جائیں گے۔یہ قافلہ نہیں رکے گا اور وزیر اعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔تحریک عدم اعتماد اپنی موت آپ مرجائے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو درست سمت گامزن کیا،عمران خان کامیاب ہوگا اوردنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ قائداعظم کے بعد ایک بار پھر آپ نے تاریخ مرتب کردی۔27 مارچ کو مانسہرہ سے بھرپور شرکت ہوگی اور دنیا کو بتا دیں گے کہ عمران خان اسلام کی ناموس وعزت کے لئے ڈٹ کر کھڑا ہے،سیاسی بونے اور کرپٹ عناصر آپ کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں ان کا سیاسی کاروبار ٹھپ ہوا ہے یہ اپنی سیاسی موت مریں گے۔مانسہرہ میں پینے کا صاف پانی، سکھی کناری کے متاثرین کو معاوضہ،مالکانہ حقوق ملیں گے، مانسہرہ میں میڈیکل کالج بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ڈٹ کر کھڑا ہے، ہماری دعا ہے کہ ہماری زندگی بھی اسے لگے یہ ملت اسلامیہ کا علمبردار ہے،پوری امت مسلمہ کو متحد کردیا ہے۔ مانسہرہ سے رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے ممبران کی خرید وفروخت ہورہی ہے لیکن مانسہرہ کے لوگوں کی پگڑی پر داغ نہیں لگنے دیں گے،ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں،پہلی بار ہمیں غیرت مند لیڈر ملا ہے۔