وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق کی اعلی سطحی اجلاس میں ہدایات

93

لاہور۔21 نومبر(اے پی پی )وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ ریلوے سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی دورِ حاضر کے مطابق جدید تقاضوںاور بہترین معیارپر ہونی چاہیے۔ابتدائی طور پر 9ریلوے سٹیشنوں پر برقی ایسکیلیٹراورایلیویٹر نصب کرنے کے کیلئے پلان 15روز کے اندر پیش کےا جائے۔ ٹرین ڈرائیورز کے جسمانی ٹیسٹ 50سال کی عمر تک سالانہ بنیادوں پراور 55سال کی عمر کے بعد ششماہی بنیادوں پر کروائے جائیں جس کیلئے ریلوے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ ملک بھرکے مایہ نازہسپتالوں کی جدید سہولتوں سے بھی استفادہ کیا جائے۔وہ ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں نیشنل لاجسٹک سیل کے کنٹریکٹرزکے ہمراہ آرکیٹیکٹس کے وفد نے سبی -ہرنائی سیکشن پر موجود ریلوے سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے مختلف ڈیزائن پیش کیے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے سبی ریلوے اسٹیشن کیلئے پیش کیے جانے والے ڈیزائنوںکو چند بنیادی تبدیلیوں کے بعدمنظورکرلیاجبکہ ہر نائی ریلوے سٹیشن از سرنو تعمیر کرنے کے پلان کی منظوری دی۔