جنرل راحیل شریف بہادر جرات مند جنرل ہیں، وزیر مملکت عابد شیر علی

124

اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بہادر جرات مند جنرل ہیں، ان کے خاندان کی پاک سرزمین کیلئے لازوال قربانیاں ہیں، اس سے پہلے بھی فوجی سربراہان رہے ہیں لیکن جنرل راحیل کو جو عزت ملی ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف جمہوری پسند جنرل ہیں، وہ تین سالہ دور میں مثال قائم کرکے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس سے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، ان کی خدمات کو صدیوں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آرمڈ فورسز کی صلاحیت اور قد کاٹھ کو بلند کیا جس سے ہمارے دشمن بھی خوفزدہ رہنے لگے، جنرل راحیل شریف عظیم فوجی جرنیل ہیں ان کو عظیم طریقہ سے الوداع کیا جائے گا۔