دھمکی آمیز خط میں مرکزی کردار نوازشریف ہیں ، یہ خط سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو دکھانے کو تیار ہیں، وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی،اصلاحات اسد عمر کی وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس

83

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی،اصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو اعتراض ہے کہ وزیراعظم نے ’’دھمکی آمیز خط‘‘ انہیں نہیں دکھایا تو وزیر اعظم یہ خط سپریم کورٹ میں پیش کرنے کو تیار ہیں،اس میں دو ٹوک الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ اگر عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوتی اور عمران خان وزیر اعظم رہتے ہیں تو اس کے نتائج خطرناک ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کی مقبولیت کے باعث بیرونی عناصر خوفزدہ ہیں، ‏خط میں مرکزی کردار نوازشریف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے جلسے میں ایک مراسلے کا ذکر کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک میں بیرونی ہاتھ شامل ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں خط کیوں نہیں دکھایا جارہا، کچھ راز قومی نوعیت کے ہوتے ہیں، وزیر اعظم نے مجھے کہا ہے کہ اگر کسی کوئی شک ہے تو ہم یہ خط سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو دکھانے کو تیار ہیں، ان پر سب کو اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اجازت نہیں ہے کہ اس خط میں لکھے ہوئے الفاظ بتاسکوں لیکن کلیدی باتیں دہرا دیتا ہوں، وہ حصہ جو عدم اعتماد سے جڑتا ہے اس کی اہم باتیں کیا ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مراسلے کی تاریخ عدم اعتماد تحریک پیش ہونے سے قبل کی ہے، یہ اہم اس لئے ہے کہ اس مراسلے میں براہِ راست تحریک عدم اعتماد کا ذکر ہے،اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اس میں دو ٹوک الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ اگر عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوتی اور عمران خان وزیر اعظم رہتے ہیں تو اس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ‏وزیراعظم کی مقبولیت کے باعث بیرونی عناصر خوفزدہ ہیں، ‏خط میں مرکزی کردار نوازشریف ہیں، ‏پی ڈی ایم ظاہر ہے اس بات سے لاعلم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کےجلسے میں لاکھوں لوگ پہنچے،امر بالمعروف جلسے میں نظر آیا قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مراسلے میں کی گئی باتیں پاکستان کی خارجہ پالیسی سے جڑی ہیں، بیرونی ہاتھ اورعدم اعتماد آپس میں جڑے ہوئے ہیں،نوازشریف کی ملاقاتیں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا حصہ ہیں، پی ڈی ایم کی سینئر قیادت اس بات سے بے خبر نہیں ہے، مراسلے کا براہ راست تعلق عوام سے بھی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو آگاہ کرنا ضروری سمجھتے ہیں،اپوزیشن کے بعض لوگوں کو خود معلوم نہیں تحریک عدم اعتماد کے پیچھے کون ہے، یہ لوگ لاعلمی کے باعث اس سازش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے تمام منتخب ممبران محب وطن ہیں،اپوزیشن کی جانب سے نواز شریف کھلے عام بیرونی قوتوں کے آلہ کار ہیں۔