اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف جو روایات، کامیابیاں اور ورثہ چھوڑ کر جا رہے ہیں اسے اس ادارے اور اس کے سربراہان کو نہ صرف جاری رکھنا ہو گا بلکہ اس میں مزید ویلیو ایڈیشن بھی کرنا ہوگا، جس کامیابی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی گئی ہے جو آج بھی جاری ہے، جس کامیابی سے کراچی کا امن بحال ہوا ہے، ان خیالات کا اظہار انہون نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں گذشتہ تین سالوں میں جنرل راحیل شریف کامیابیوں کا جو سلسلہ چھوڑ کر ریٹائرڈ ہو رہے ہیں ، یہ ان کی ایک بڑی تابندہ روایات ہیں جن کو بلند رکھنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بحیثیت ادارہ جو نیک نامی حاصل کی ہے اس کی مثال ماضی میں نظر نہیں آتی، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کے لیے مشاورت کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی مشاورت ہوگی اور وہ اپنے رفقاءسے بھی اس حوالے سے مشاورت کریں گے