وزیراعظم عمران خان کے ساتھی پارٹی کا اثاثہ ہیں ،انشاءاللہ یہی لوگ مخالف سیاسی قوتوں کو پاش پاش کر کے آپ کو دوبارہ وزیراعظم بنا کر تاریخ رقم کریں گے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

57
وزیراعظم عمران خان کے ساتھی پارٹی کا اثاثہ ہیں ،انشاءاللہ یہی لوگ مخالف سیاسی قوتوں کو پاش پاش کر کے آپ کو دوبارہ وزیراعظم بنا کر تاریخ رقم کریں گے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 25 سال سے قوم کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، سیاسی کیریئر کے دوران نشیب و فراز دیکھے لیکن ان کا حوصلہ متزلزل نہیں ہوا، وزیراعظم کے ساتھی پارٹی کا اثاثہ ہیں اور یہی لوگ تحریک انصاف کے نظریے کے محافظ اور نئے پاکستان کے پاسبان ہیں، انشاءاللہ یہی لوگ مخالف سیاسی قوتوں کو پاش پاش کر کے آپ کو دوبارہ وزیراعظم بنا کر تاریخ رقم کریں گے۔

وہ ہفتہ کو وزیراعظم ہائوس میں اراکین پارلیمان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 25 سال سے جدوجہد کر رہے ہیں،

آپ نے سیاسی کیریئر کے دوران نشیب و فراز اور اونچ نیچ دیکھی، آپ نے بہت سے لوگوں کو اپنی صفوں میں آتے اور جاتے دیکھا لیکن آپ کا حوصلہ متزلزل نہیں ہوا، آج عوام میں وزیراعظم عمران خان کا ایک خاص مقام ہے جس پر جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج آپ کے سامنے بیٹھے ہوئے لوگ آپ کا کور گروپ ہے، وزیراعظم کے ساتھی پارٹی کا اثاثہ ہیں اور انشاءاللہ یہی لوگ آپ کو دوبارہ وزیراعظم بنا کر نئی تاریخ رقم کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج پنڈال میں بیٹھے ہوئے جو لوگ ہیں یہ پاکستان تحریک انصاف نظریے کے محافظ اور نئے پاکستان کے پاسبان ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو ان قوتوں کو پاش پاش کر دیں گے جو سمجھتی ہیں کہ ہمارے پاس طاقت ہے، وسائل ہیں اور اشارے ہیں، انہوں نے کوئی اشارہ دیکھا اور نہ کوئی کنارہ دیکھا، کشتیاں جلا کر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھی سونے میں تولنے کے برابر ہیں، آزمائش کے وقت ہی انسان کے کردار کا پتا چلتا ہے، اپنے اور پرائے کی پہچان کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب اچھے تھے، سب آپ کے ساتھ تھے، بہت بڑے محافظ تھے، چوبیس گھنٹے آپ کے گرد طواف کرتے تھے، وزیراعظم ہائوس کے گیت گاتے اور افسانے سناتے تھے لیکن یہ خاموش سپاہی ہیں دور کھڑے ہو کر بھی آپ کو بھولایا نہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں 36 سال سے پارلیمانی سیاست کر رہا ہوں، سیاسی تجربے کو سامنے رکھ کر کہہ رہا ہوں کہ آج پاکستان کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کرنے جا رہے ہیں آپ سب کو مبارک ہو ، آپ انتخابات میں نئے پاکستان کی امید ہیں۔