صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی رمضان المبارک کے بابرکت اور مقدس مہینے کی پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد

62

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت اور مقدس مہینے کی پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، رمضان المبارک کے روزوں کے ذریعے تقوی اور احساس کے جذبات کو زندہ کرکے معاشرے کو خوشحال اور آسودہ بنانے کا ایک موقع میسر آتا ہے۔

ہفتہ کو رمضان المبارک1443ھ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرمملکت نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رحمتوں عظمتوں اور مغفرتوں والا ماہ مقدس نصیب کیا ہے۔روزہ صرف بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں بلکہ تمام منکرات سے بچنے کا نام ہے۔ اللہ تعالی نے ہم پر روزے اس لیے فرض کیے تاکہ ہم متقی بن سکیں۔

غیبت، گالی گلوچ، مکروفریب، رشوت، سود خوری، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ اور بدنظری جیسے سارے ہی گناہوں سے بچ کر تقوی کا حصول ممکن ہو سکتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا فرمان ہے کہ جو شخص روزہ رکھ کر جھوٹ اور بدعملی سے نہیں رکتا، اللہ تعالی کو اس کی بھوک اور پیاس کی ضرورت نہیں۔

رمضان المبارک میں ہم روزے کی حالت میں بھوک وپیاس برادشت کرتے ہیں۔ دراصل روزیدار کو اس تربیتی عمل سے اس لیے گذارا جاتا ہے کہ اس کے اندر معاشرے میں بسنے والے محتاج اور غریب لوگوں کا احساس پیدا ہو۔ وہ یہ سمجھ سکے کہ غربا ومساکین پر اور ان کے بچوں پر فاقے اور بھوک کی حالت میں کیا گذارتی ہو گی۔

یہ احساس روزہ دار کو اس بات پر آمادہ کرتا ہے کہ وہ اللہ تعالی کی طرف سے دیے گئے رزق میں سے دوسروں پر خرچ کرے، ان کی ضرورتوں کو پورا کرے، ان کی آزمائشوں کا سہارا بنے۔ اس طرح رمضان المبارک کے روزوں کے ذریعے تقوی اور احساس کے جذبات کو زندہ کرکے معاشرے کو خوشحال اور آسودہ بنانے کا ایک موقع میسر آتا ہے۔

ہم سب کو اس موقع سے فائدہ اٹھا کر اپنی اخلاقی اور روحانی تربیت کرنی ہے اور خیر اندیشی، غربا پروری اور احساس کے ذریعے عوام کا سہارا بننا ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں اور فضیلتوں سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور ملک پاکستان کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ آمین!